لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ ریونیو کے کام کاج کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج سول سیکرٹریٹ میں محکمہ ریونیوکے کام کاج کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے عوامی خدمات کی آسانی سے فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ کی طرف سے شروع کئے گئے متعدد اَقدامات کی عمل آوری کے لئے سراہا۔لیفٹیننٹ گورنر کو ’ آپ کی زمین آپکی نگرانی‘لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن ، زمین کے استعمال میں تبدیلی،لینڈ پاس بُک اور پراپرٹی کا رڈوں کا اجرأ ، ایس وِی اے ایم آئی ٹی وِی اے سکیم وغیرہ کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ فرسودہ قوانین کو منسوخ کیا جائے اور ان کی جگہ زندگی میں آسانی ، نظم و نسق میں آسانی اور ریو نیو ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو مجموعی طور پر بہتر بنانے کے لئے زیادہ لوگوں پر مبنی ریگولیٹری نظام متعارف کیا جائے۔اُنہوں نے محکمہ ریونیو کے سینئر اَفسران کو مسائل اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے قابل عمل حل تلاش کرنے کی ہدایت دی ۔لیفٹیننٹ گورنر نظام کو مزید شفاف اور عام لوگوں کے سامنے جواب دہ بنانے کے لئے آن لائن ریونیو سروسز کو بہتر بنانے پر زو ردیا ۔اُنہوں نے محکمہ ریونیو میں ایک وقف آئی ٹی سیل بنانے اور جنگلاتی زمین کی نقشہ سازی کا مشورہ دیا۔چیئرمین کو لینڈ ریکارڈ اِنفارمیشن سسٹم کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وقت تک کُل 8,21,40,595 سکین شدہ دستاویزات بشمول جمع بندیوں،اِنتقال اور گردواریوں کو اَپ لوڈ کیا جا چکا ہے۔فائنانشل کمشنر ریونیو شالین کابرا نے محکمہ ریونیو کے بنیادی مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات اور ڈیجیٹل اِنڈیا لینڈ ریکارڈ ماڈرنائزیشن پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ محکمہ ریونیو آن لائن شکایات اور شکایات کا بروقت نمٹانے کے لئے شکایتی ازالہ پورٹل کا استعمال کر رہا ہے۔کمشنر سیکرٹری ریونیو ڈیپارٹمنٹ وِجے کمار بدھوری نے اِویکیو پراپرٹی ڈیپارٹمنٹ ،محکمہ رجسٹریشن اور محکمہ حج و اَوقاف کے کام کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری بھرد واج ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، سیکرٹری محکمہ قانون ، اِنصاف وپارلیمانی اور امور اچل سیٹھی اور محکمہ ریونیو کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔