جموںوکشمیر کی یہ قدیم روایت رہی ہے کہ تمام کمیونٹیوں کے لوگ بلالحاظ مذہب اِس یاترا میں حصہ لیتے ہیں
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے آغاز کے موقعہ پر ’’پرتھم پوجا‘‘کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام لوگوں کی اچھی صحت ، ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے دعا کی۔اُنہوںمیڈیااَفراد سے بات چیت کرتے ہوئے عقیدت مندوں کے لئے یاترا کے مجموعی تجربے میں معیاری بہتری لانے کے لئے اِنتظامیہ اور شرائین بورڈ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ اور متعلقہ محکموں کے اَفسران یاتریوں کو بہتر سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ضروری سہولیات، بنیادی ڈھانچے اور سیکورٹی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم یاترا کو آسان، محفوظ اور بغیر کسی پریشانی کے لئے ہر ممکن اَقدام اُٹھا رہے ہیں۔اُنہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے مختلف حصوں اور بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کے اِستقبال اور خدمت کے لئے اکٹھے ہوں۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی یہ قدیم روایت رہی ہے کہ تمام کمیونٹیوں کے لوگ بلالحاظ مذہب اِس یاترا میں حصہ لیتے ہیں۔اِس برس سالانہ شری امرناتھ جی یاترا 29؍ جون سے شروع ہوگی جو دونوں راستوں اننت ناگ ضلع میں پہلگام ٹریک اور گاندربل ضلع کے بال تل ٹریک سے بیک وقت شروع ہوگی۔پرتھم پوجا میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری امرناتھ جی شرائن بورڈ ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، ایس اے ایس بی ، فوج اور لیفٹیننٹ گورنر سیکرٹریٹ کے سینئر اَفسران نے بھی شرکت کی۔










