اٹلانٹا/یو این آئی//امریکہ کی ریاست جارجیا میں ہائی اسکول میں فائرنگ کر کے چار افراد کو ہلاک کرنے والے 16 سالہ لڑکے کے والد کولن گرے کو عدالت نے قتل، غیر ارادی قتل اور دیگر الزامات میں 15 سال قید کی سزا سنا دی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے دو روز قبل 16 سالہ حملہ آور کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، جبکہ اب اس کے 55 سالہ والد کولن گرے کے خلاف بھی عدالتی کارروائی مکمل ہونے پر سزا کا اعلان کیا گیا ہے ۔رپورٹس کے مطابق 2024 میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں دو اساتذہ اور دو طلبہ ہلاک ہوئے تھے ۔عدالت میں استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ کولن گرے وہ واحد شخص تھا جو بروقت اقدامات کرکے اس سانحے کو روک سکتا تھا۔ استغاثہ نے ان کے لیے 80 سال قید کی زیادہ سے زیادہ سزا کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ وکیل صفائی نے 10 سال قید کی استدعا کی۔سزا سنانے سے قبل جج نے کولن گرے کو اپنے بیٹے کو بروقت کونسلنگ نہ دلانے ، اس کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر نہ رکھنے اور گھر میں موجود اسلحہ محفوظ نہ رکھنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔عدالت کو بتایا گیا کہ حملے سے تقریباً ایک سال قبل کرسمس کے موقع پر کولن گرے نے اپنے بیٹے کو ایک رائفل خرید کر دی تھی، حالانکہ اس سے سات ماہ قبل پولیس اسکول میں فائرنگ کی آن لائن دھمکیوں کے سلسلے میں اس لڑکے سے پوچھ گچھ بھی کر چکی تھی۔استغاثہ کے مطابق یہ مقدمہ امریکہ میں اسکولوں میں فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے والدین کو بھی جوابدہ ٹھہرانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے ۔










