سرینگر ،جموںقومی شاہراہ کشادگی اور ملبہ ہٹانے کے کام کیلئے بند

سرینگر ،جموںقومی شاہراہ کشادگی اور ملبہ ہٹانے کے کام کیلئے بند

امرناتھ یاتریوں کے قافلے کی روانگی کے بعد این ایچ اے آئی نے شروع کیا تعمیراتی کام

سرینگر// سرینگر،جموں قومی شاہراہ، جو کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی واحد ہر موسم میں قابلِ استعمال سڑک ہے، کو جمعہ کے روز کشادگی اور خطرناک مقامات سے ملبہ ہٹانے کے کام کے پیش نظر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔سرکاری حکام کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت عمل میں لایا گیا جب جموں کے یاتری نواس بیس کیمپ سے تقریباً 1,600 امرناتھ یاتریوں کا قافلہ صبح تقریباً 2 بج کر 42 منٹ پر جنوبی کشمیر میں واقع امرناتھ گھپا کی جانب روانہ ہو گیا۔یو این ایس کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ قومی شاہراہ پر بحالی اور تعمیراتی کاموں کو انجام دینے کے لیے ادھم پور کے جکھینی سے ضلع رام بن کے نویوگ ٹنل، بانہال تک ہر قسم کی گاڑیوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل رہے گی۔حکام کے مطابق نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کی درخواست پر ادھم پور اور رام بن کے ڈپٹی کمشنروں نے الگ الگ احکامات جاری کرتے ہوئے کام کی اجازت دی، تاکہ اس اہم شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں اور ڈرائیوروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔سرکاری ذرائع کے مطابق تعمیراتی سرگرمیوں میں لدھا اور سمرولی کے مقامات پر پہاڑی جانب سڑک کو چوڑا کرنا، جبکہ گنگرو اور کشتواڑی پتھر کے قریب ڈھیلے اور اوپر لٹکے ہوئے پتھروں اور ملبے کو ہٹانا شامل ہے۔ایڈوائزری کے مطابق جموں کے نگروٹہ سے سری نگر، ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن اور پٹنی ٹاپ کی جانب کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح قاضی گنڈ سے رام بن، ادھم پور اور جموں کی طرف بھی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد رہے گی۔تاہم ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ کٹرا، ریاسی اور ادھم پور جانے والے مسافروں کو آمد و رفت کی اجازت ہوگی، لیکن انہیں شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا تاکہ نگروٹہ سے ان کی نقل و حرکت میں آسانی ہو سکے۔