لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر میں بجلی کی صورتحال کا جائزہ لیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی اورجموںوکشمیر یوٹی میں بجلی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے بجلی کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے سرمائی موسم میں بجلی کی مناسب اور قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے دیرپا اور کارکردگی میں اِضافہ کرنے کی بھی ہدایت دی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسروں کو سمارٹ میٹر سیچوریٹیڈ فیڈروں کو زیادہ سے زیادہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ان علاقوں میں اے ٹی اینڈ سی نقصانات کو سنگل ڈیجٹ تک لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ جموں، سری نگر اور ضلعی ہیڈ کوارٹروں کے سمارٹ میٹر سیچوریشن کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ڈی کو میٹر والے علاقوں کو قابل اعتماد خدمات اور معیاری بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی پورے جموںوکشمیریوٹی میں تقریباً 4 لاکھ سمارٹ میٹر لگائے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے صارفین کوپریشانی سے بچنے کے لئے کٹوتی منصوبوں کی تعمیل اور خراب ٹرانسفارمروں کو بروقت تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آنے والے سرمائی موسم کے پیش نظر سرحدی اور دُور دراز علاقوں کے لئے ٹرانسفارمروں کا ایڈوانس بفر سٹاک رکھا جانا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ زمین پر موثر نفاذ سے بجلی کی چوری سے نمٹا جانا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نئی اور قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور جموںوکشمیر یوٹی میں ری ویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر سکیم (آر ڈی ایس ایس) کی مؤثر عمل آوری کی مزید ہدایت دی۔پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ایچ راجیش پرساد نے ڈیمانڈ اور سپلائی کی تفاوت کو کم کرنے کے لئے محکمہ کے اقدام کے بارے میں میٹنگ کو جانکاری دی۔اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ موسم سرما کے بعد بڑے پیمانے پر صلاحیت میں اِضافہ کیا گیا تاکہ سسٹم اِضافی طلب کو پورا کر سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے موسم سرما کے دوران بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لئے اضافی بجلی کی صلاحیت کی دستیابی کے معاملے میںوسائل کی کافی مقدار کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ مالی برس2020-21ء سے 2023-24ء تک پیک ڈیمانڈ میں 28 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جبکہ پیک خسارہ 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد رہ گیا ہے۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، چیئرمین جے کے پی سی ایل ڈاکٹر آر پی سنگھ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ،صوبائی کمشنروں ، ضلع ترقیاتی کمشنروں ، محکموں اور پاور کارپوریشنوں کے سربراہان ، چیف اِنجینئروں او رسینئر اَفسروں نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔