جی 20 اجلاس یو ٹی میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے بہاؤ کو فروغ دے گا :مسٹر سنہا
سرینگر //لیفٹنٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج جہلم راجباغ ریور فرنٹ کا افتتاح کیا اور اس پروجیکٹ کو عوام کے نام وقف کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’سرینگر سمارٹ سٹی نے راجباغ ریور فرنٹ کو ایک عالمی معیار کی عوامی جگہ میں تبدیل کیا ہے اور دریا سے لوگوں کے رابطے کو مضبوط کیا ہے ۔ یہ جموں و کشمیر کی تیز رفتار ترقی کا بھی ایک مضبوط اشارہ ہے ۔ ‘‘ افتتاحی تقریب میں لفٹینٹ گورنر نے شاندار واٹر فرنٹ کیلئے لوگوں کو مبارکباد دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ جہلم راجباغ ریور فرنٹ شہری فضیلت کا ایک نمونہ ہے اور یہ شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنائے گا ، سماجی و اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالے گا اور ثقافتی اور کاروباری انفرسٹرکچر کو ترقی دینے میں بہت ضروری تعاون فراہم کرے گا ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمارٹ انفرسٹرکچر تیار کر رہے ہیں جو ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھے گا اور دریا کی بڑی غیر استعمال شدہ صلاحیت کو بھی اجاگر کرے گا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے راج بوغ ریور فرنٹ کے 6 کلو میٹر طویل حصے کو واک ویز ، سائیکلنگ ، گرین اسپیس ، مفت وائی فائی ، یونیورسل رسائی جیسی سہولیات کے ساتھ عالمی معیار کی عوامی جگہ میں ترقی دینے کیلئے سرینگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ کی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں ایک لائیبریری اور کیفے بھی تیار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دریا کے دوسرے کنارے پر کام جلد شروع ہوجائے گا ۔ جی 20 کے انتظامات پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت لوگوں کی فعال حمایت اور شرکت کے ساتھ جی 20 اجلاس کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہم وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کے شکر گذار ہیں کہ انہوں نے جموں و کشمیر یو ٹی کو یہ عظیم موقع فراہم کیا ۔ جی 20 اجلاس کے کامیاب انعقاد سے یو ٹی میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے بہاؤ کو فروغ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دُنیا جموں و کشمیر کی ثقافت اور گرمجوشی کی مہمان نوازی کا بھی مشاہدہ کرے گی ۔ ایس ایم سی کے کمشنر اور سی ای او سرینگر سمارٹ سٹی نے لفٹینٹ گورنر کو پروجیکٹ کی اہم خصوصیات سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر مئیر ایس ایم سی جنید عظیم مٹو ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، اے سی ایس محکمہ داخلہ مسٹر آر کے گوئل ، مالیاتی کمشنر ریونیو شالین کابرا ، ڈویژنل کمشنر کشمیر مسٹر وجے کمار بدھوری ، سینئر افسران اور سرکردہ شہری موجود تھے ۔










