آج عیدالاضحی کی تقریب سعید،نماز عید کے عظیم الشان اجتماعات

لَبَّیکَ اللَّْمَّ لَبَّیک لَبیکَ لاَ شَرِیکَ لَکَ لَبَّیک، اِنَّ المحَمدَوَالنِّعمَۃ لکَ وَالمْلکَ لاَشَرِیکَ لَکََ

عیدگاہ میں سرینگر عید الاضحی کی نماز نہیں ہوگی، بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر مناسب انتظامات ممکن نہیں: وقف بورڈ

سری نگر// برصغیر ہندوپاک سمیت متعددممالک کیساتھ ساتھ جموں وکشمیرمیں بھی آج عیدالاضحی کی تقریب سعید انتہائی تزک واحتشام اور عقیدت واحترام کیساتھ منائی جارہی ہے ۔شہر ودیہات میں اتوار کوعلی الصبح سے ہی نماز عید کے عظیم الشان اجتماعات عیدگاہوں ،جامع مساجد،خانقاہوں ،امام باڈوںاوردیگر مقامات پر منعقد ہونگے ،تاہم سری نگرکے تاریخی عیدگاہ میں نماز عید ادانہیں کی جائیگی جبکہ مرکزی جامع مسجد سری نگرمیں بھی عیداجتماع منعقد ہونے کاتاحال امکان نظرنہیں آرہاہے ۔سری نگرمیں نماز عیدالاضحی کاسب سے بڑا اجتماع تاریخی آثار شریف حضرتبل سری نگرمیں منعقد ہوگا،جہاں لاتعدادفرزندان توحید کیساتھ ساتھ بڑی تعدادمیں مسلم خواتین اورلڑکیاں بھی اجتماع میں شرکت کاشرف حاصل کریں گی ۔جے کے این ایس کے مطابق سنیچر کے روز مطلع ابروآلود رہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے اتوار کوبارشوںکی پیش گوئی کردی ۔اتوار کے روز عیدالاضحی کی تقریب سعید منائی جارہی ہے ،جس کے لئے جموں وکشمیر کے سبھی 20اضلاع میں مسلمانوںنے انفرادی اوراجتماعی طورپر تیاریوں مکمل کرلی ہیں ۔انفرادی طور پر مسلمان اپنے اہل خانہ اور دوست واحباب کیساتھ عید منائیں گے جبکہ اجتماعی طور پر سبھی مسلمان عیدگاہوں ،جامع مساجد اورخانقاہوں کارُخ کر کے وہاں منعقد ہونے والے نماز عید الاضحی کے اجتماعات میں شریک ہونگے ۔نماز عید اداکرنے کیلئے گھروں سے نکلتے ہی ہرمسلمان ’ لَبَّیکَ اللَّْمَّ لَبَّیکَ ، لَبیکَ لاَ شَرِیکَ لَکَ لَبَّیک، اِنَّ المحَمدَوَالنِّعمَۃ لکَ وَالمْلکَ لاَشَرِیکَ لَکََ‘کاوردکرے گا۔اورنماز عید اداکرنے کے بعدمسلمان گھرواپس آتے بھی اسی کاوردکرتے رہیں گے۔معلوم ہواکہ سری نگر میں نماز عید کاسب سے بڑااجتماع آثار شریف درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوگا،جہاں آس پاس اوردیگرعلاقوں سے آنے والے ہزاروں مسلمان نماز عید اداکریں گے ۔جناب صاحب صورہ ،آثار شیف کلاشپورہ ،خانقاہ معلیٰ ،آستانہ عالیہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ واقع خانیاز،زیارت شریف مخدوم صاحبؒ اور شہر کی تمام چھوٹی بڑی جامع مسجد میں بھی نماز عیدالاضحی کے اجتماعات ہونگے ،جہاں لاکھوں مسلمان نماز عید اداکریں گے ۔کشمیر کے دیگر9اضلاع بشمول بارہمولہ ،کپوارہ ،بانڈی پورہ ،بڈگام ،گاندربل ،پلوامہ ،شوپیان ،کولگام اوراننت ناگ میں بھی جگہ جگہ نماز عیدالاضحی کے عظیم الشان اجتماعات ہورہے ہیں ۔تاہم سری نگرکی مرکزی جامع مسجد واقع نوہٹہ میں نماز عید کے اجتماع کے انعقاد پرابھی تذبذب برقرار تھاکیونکہ حکام کی جانب سے یہاں نماز عید اداکرنے کی اجازت دینے یانہ دینے کے حوالے سے کوئی بیان ابھی تک جاری نہیں کیاگیا،لیکن تاریخی عید گاہ سری نگر میں نماز عید کاکوئی اجتماع نہیں ہوگا۔جموں و کشمیر وقف بورڈ نے ہفتہ کو کہا کہ عید گاہ سری نگر میں نماز عید ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ اس کی درخواست تاخیر سے موصول ہوئی تھی۔جموں و کشمیر وقف بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آنے والے چند دنوں کے لیے موسلادھار بارش کی موسم کی پیش گوئی ہے اور وقف کے لیے ضروری انتظامات کرنا ممکن نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وقف نے جامعہ اوقاف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پیروکاروں سے مقامی مساجد کی ڈھکی ہوئی جگہوں پر نماز ادا کرنے کو کہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ انجمن اوقاف نے 6 جولائی کو جموں و کشمیر وقف بورڈ کو خط لکھا تھا کہ 10 جولائی کو عیدگاہ سری نگر میں صبح 9 بجے عید کی نماز ادا کرنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں۔اوقاف نے یہ بھی کہا تھا کہ موسم کی خرابی کی صورت میں نماز عید کی باجماعت مرکزی جامع مسجد سری نگر میں مقررہ وقت پر ادا کی جائے گی۔