گجرات اور مہاراشٹر ملک کی ترقی کے اِنجن ہیں اور ملک کی جی ڈِی پی اور برآمدات میں زبر دست حصہ داری کے ساتھ ساتھ ان کی سماجی، ثقافتی اور روحانی روایات بھی بے مثال ہیں
جموں//لوک بھون جموںوکشمیر میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی موجودگی میں گجرات اور مہاراشٹر کا یوم تاسیس بڑے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات اور مہاراشٹر ملک کے اہم ترقیاتی مراکز ہیں اور ملک کی جی ڈی پی اور برآمدات میں زبر دست حصہ داری کے ساتھ ساتھ ان کی سماجی، ثقافتی اور روحانی روایات بھی بے مثال ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ گجرات کی سرزمین کاروباری جذبے، سادگی اور خلوص کے لئے جانی جاتی ہے جبکہ مہاراشٹر اپنی صنعت، بہادری اور روحانی عبقریت کی وجہ سے عالمی سطح پر پہچان رکھتا ہے۔ ان کے مطابق یہ دونوں ریاستیںہندوستان کی ترقی کی رفتار کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گجرات کی تاریخ عظیم شخصیات سے بھری پڑی ہے جنہوں نے ملک کا نام روشن کیا۔قابل احترام مہاتما گاندھی ، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی ثابت قدمی، بے لوث خدمت اور خود اعتمادی کے ذریعے ہندوستان کی تقدیر بدل دی۔اُنہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے قوم کو سچائی، عدم تشدد، ایثار، محبت اور رواداری کا فلسفہ دیا اور تحریکِ آزادی کو عوامی تحریک میں بدل دیا۔ ان کی زندگی ہمیں ہر مشکل میںاَپنے اصولوں پر ثابت قدم رہنے کی ترغیب دیتی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دُنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر ہندوستان کا فخر سردار پٹیل کے ویژن اور نظریات میں گہرائی سے پیوستہ ہے۔جنہوں نے’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘کے تصور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ اُنہوں نے کہا کہ اپنی روایات، ثقافتوں اور ورثے کو ترقی کے دھارے میں پرونے سے جو طاقت ملتی ہے وہ سردار پٹیل کے عزم راسخ اور دیرپا میراث کا عملی عکس ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مہاراشٹرا صنعتوں، روحانیت، بے لوث خدمت اور قربانیوں کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج، پیشوا باجی راؤ، بال گنگا دھر تلک اور ونائک دامودر ساورکر جیسی شخصیات نے قومی یکجہتی کے لئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ اُنہوں نے اہلیا بائی ہولکر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام ہندوستان کے مقدس مقامات پر آج بھی عقیدت سے لیا جاتا ہے اور ان کی خدمات نے ملک کی روحانی روایات کو نئی زندگی بخشی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے اعتماد، وقار اور ترقی کا نیا دور دیکھا ہے۔ گزشتہ 12 برسوں میں ان کی رہنمائی نے عوام کو عزم کو عمل میں بدلنے کی ترغیب دی ہے اور ملک ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ُدنیا بھر میں ہندوستانی برادری آج فخر محسوس کر رہی ہے اور ملک میں خود اعتمادی کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے جو 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو حقیقت بنانے کے لئے تمام طبقات کو متحد کر رہی ہے۔ 5؍ اگست 2019 ء کو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے سردار پٹیل کے ادھورے خواب کو بھی پورا کیا گیا اور’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘کی بنیاد کو مزید مضبوط بنایا گیا۔










