پوری دُنیا کے لاکھوں عقیدت مندوں کیلئے بابا امر ناتھ جی کی مقدس گپھا کی یاترا کا خواب ہے ۔ ایل جی سنہا
سرینگر // لیفٹنٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سالانہ شری امر ناتھ جی یاترا کے رسمی آغاز کے موقع پر پرتھم پوجا میں شرکت کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے بابا امر ناتھ جی کا آشیرواد طلب کیا اور سب کی اچھی صحت اور تندرستی کی پرارتھنا کی ۔ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ ہر سال جیشٹھ پورنیما کے مبارک موقع پر مقدس گپھا میں پرتھم پوجا کا اہتمام کرتا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ دنیا بھر کے لاکھوں عقیدت مندوں کے لئے بابا امرناتھ کی مقدس گپھا کی یاترا زندگی بھر کا خواب ہے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے کہ یاتریوں کے آرام اور سہولیات کیلئے بہترین ممکنہ انتظامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ پچھلے چند برسوں میں بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات میں قابل قدر بہتری لانے کیلئے سرشار کوششیں کی گئی ہیں ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے اہلکار اس بات کو یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں کہ یاترا کے دوران عقیدت مندوں کی ضروریات اور خدمات کیلئے مسلسل کوشاں ہیں ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے یکم جولائی سے شروع ہونے والی یاترا کے کامیاب انعقاد میں مقامی باشندوں کے بے پناہ تعاون کا بھی اعتراف کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ذریعہ معاش کے مواقع میں بھی اضافہ کرے گا اور مقامی معیشت کو فروغ دے گا ۔ 62 دن طویل شری امر ناتھ جی یاترا اس سال یکم جولائی کو بیک وقت دونوں راستوں ضلع اننت ناگ کے پہلگام ٹریک اور گاندر بل ضلع کے بالتل سے شروع ہو گی اور یہ 31 اگست 2023 کو اختتام پذیر ہو گی ۔ پرتھم پوجا میںچیف ایگزیکٹو آفیسر شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، شرائین بورڈ کے اراکین ، فوج اور لفٹینٹ گورنر سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی ۔










