قصبہ سوپور میں ممنوعہ سنگل یوز پلاسٹک رکھنے والوں کیخلاف مہم

خلاف ورزی ناقابل قبول، سخت کارروائی کی جائے گی:مسرت کار

سوپور//شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سوپور قصبے میں بدھ کو 11 افراد کے خلاف سنگل یوز پلاسٹک (ایس یو پی) رکھنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق میونسپل کونسل سوپور کے ذرائع نے بتایا کہ11 افراد کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ290 کے تحت ممنوعہ سنگل یوز پلاسٹک کو رکھنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی آر کے اندراج کیلئے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو ایک رسمی خط بھی بھیجا گیا ہے۔دریں اثنا، صدر میونسپل کونسل سوپور، مسرت رسول کار نے کہا کہ 2022 میں کم از کم 497کلو گرام پولی تھین ضبط کیا گیا ہے، اس کے علاوہ خلاف ورزی کرنے والوں پر 62ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سوپورقصبہ کے متعلقہ پولیس تھانوں میں11 ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہیں۔صدر میونسپل کونسل سوپور، مسرت رسول کار نے مزید کہا کہ سب ڈویڑن سوپور میں پلاسٹک کے لفافوںو تھیلوں اور ممنوعہ پلاسٹک اشیاء کی فروخت یا استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔