قتل کا مقصد آپ کو کشمیر سے باہرکرنا، دشمن کی چال کو سب مل کر ناکام کریں

فوج اور پولیس سیکیورٹی گرڈ میں خامیاں دور کرنے کا عوام کو یقین دلاتاہوں :آئی جی پی کشمیر

سرینگر//انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے منگل کو کہا کہ کشمیر میںپنڈتوں کے قتل کا مقصد کشمیری پنڈتوں کو کشمیر سے باہر دھکیلنا ہے۔انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ ایسا کچھ نہ کریں جس سے دشمن اپنے مقصد میںکامیاب ہوں۔انہوں نے یہاں احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور پولیس سیکیورٹی گرڈ میں خامیاں دور کرنے کا عوام کو یقین دلاتاہوں ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق کشمیری پنڈت ملازم راہول بھٹ کے قتل کے بعد شیخ پورہ بڈگام میں پانچ دنوں سے دھرنا دینے والے کشمیری پنڈت برادری کے لوگوں سے بات کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ دشمنوں کا ایجنڈا لوگوں کو حکومت کے خلاف کرنا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ آپ اسے کامیاب بنانے کے لیے کوئی اقدام نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا اس طرح کی ہلاکتوں کا مقصد ہے کہ کشمیری پنڈت یہاں سے واپس جائیں اور آپ سے میں گزارش کرتا ہوں کہ آپ ایسا کچھ بھی نہیں کریں جس سے دشمن اپنے مقصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔آئی جی پی نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آپ کو یہاں سے باہر دھکینا جنگجوئوں کے آقائوں کا مقصد ہے جس کو ہم سب مل کر ناکام کریں گے۔انہوں نے بتایا کشمیر میں دہشت گردی کا مکمل طور بہت جلد خاتمہ ہوگا۔آئی جی پی نے مزید کہا کہ فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز ان چیزوں کے خلاف لڑ رہی ہیں اور آپ کو بھی اس کے خلاف لڑنا ہوگا۔آپ کی شہادتیں اور قربانیاں انمول ہیں۔ آئی جی پی نے مظاہرین سے کہا کہ آپ کو شہید کیا جا رہا ہے اور آپ کی شہادت ایک سکیورٹی فورس کی شہادت کے مترادف ہے۔میں آپ کو پولیس اور فوج کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ سیکورٹی میں جو بھی خامیاں ہیں ان کو پورا کیا جائے گا اور عسکریت پسندوں کو ختم کیا جا رہا ہے جس میں سب لوگوں کو مل کر کام کر نا ہے ۔