جموں//قبائلی اَمور محکمہ نے ایک اہم پیش رفت میں آج مویشیوں اور نقل مکانی کرنے والے قبائلی آبادی کے کنبوں کو مختلف اَضلاع سے پہاڑی چراگاہوں تک پہنچانے کے لئے 40 ٹرکوں کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ مختلف قبائلی بہبود ی اِقدامات کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کے اعلان کے مطابق محکمہ نے نقل مکانی کرنے والی آبادی کے لئے ٹرانزٹ رہائش اور ٹرانسپورٹ سہولیات سمیت ٹرانس ہیومنٹ سپورٹ سسٹم کے لئے ایک خصوصی پروجیکٹ شروع کیا۔ یہ ٹرک قبائلی اَمور محکمہ نے جے اینڈ کے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذریعے خریدے ہیں۔جموں وکشمیر حکومت نے اِس سے قبل پہاڑی چراگاہوں کی طرف سالانہ مائیگرنٹ کے دوران نقل مکانی کرنے والی قبائلی آبادی کے لئے ٹرانسپورٹ اور مال بردار خدمات کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔ نقل مکانی کرنے والی قبائلی برداری کی طرف سے مسلسل مطالبہ تھا کہ انہیں نقل مکانی کے دوران ٹریفک جام اور دیگر رُکاوٹوں کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان کے سفر کو آسان بنانے کے لئے اُنہیں سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔یہ مشاہدہ کیا گیا کہ بعض اوقات سخت موسمی حالات کی وجہ سے مویشیوں کا نقصان اور دیگر نقصانات بھی ہوتے ہیں جس سے متاثرہ کنبوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔ وزیر خزانہ کی طرف سے بجٹ کے اعلان میں نقل مکانی کرنے والی قبائلی آبادی کو فراہم کی جانے والی ٹرانسپورٹ یعنی ٹرانزٹ سہولیات کا ذکر کیا ہے۔قبائلی اَمور محکمہ کی طرف سے جو ٹرانسپورٹیشن سسٹم لگایا گیا ہے وہ پید ل سفر کے وقت کو 20 سے 30 دِن سے کم کر کے 1سے 2 دِن کرے گاجبکہ اس سے ٹریفک کے احسن اِنتظام میں بھی مدد ملے گی ۔ان ٹرکوں کو نیشنل ہائی وے۔44 اور مغل روڈ دونوں پر تعینات کیا گیا ہے۔صد فیصدکنبوں کی کوریج کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ کی جانب سے اس برس مزید ٹرکوں کو شامل کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری محکمہ قبائلی اَمور ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے کہا کہ جموںوکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے نقل مکانی کرنے والی قبائلی آبادی کو ٹرانسپورٹیشن سپورٹ اور ٹرانزٹ سہولیات فراہم کرنے کا عہد کیا ہے ۔چیف سیکرٹری داکٹر ارون کمار مہتا کہ طرف سے ٹرانسپورٹیشن کی سہولیات کو یقینی بنانے اور نیشنل ہائی وے اور مغل روڈ پر صد فیصد نقلی مکانی کرنے والی آبادی کو کور کرنے کے لئے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نقل مکانی کرنے والے قبائلی کنبوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ٹرکوں کی خریداری کے لئے جموںوکشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کا رپوریشن کے حق میں6.80 کروڑ روپے کے فنڈس جاری کئے گئے ہیں ۔ محکمہ خزانہ نے قبائلی اَمور محکمہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ قبائلی آبادی کی منتقلی کے لئے جے کے آر ٹی سی کی خدمات اِس وقت تک حاصل کرے جب تک کہ حکومت اِس سلسلے میں کوئی باضابطہ پالیسی نہیں بنا لیتی ۔ تعینات ٹرک قومی شاہراہ کے ساتھ کٹھوعہ ، سانبہ ، جموں اودھمپور سے کشمیر کے مختلف مقامات تک اور راجوری اور پونچھ سے کشمیر کے مختلف مقامات پر مغل روڈ ایکسس پر چلیں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ قبائلی امور محکمہ نقل مکانی کرنے والی قبائلی آبادی کی سہولیت کے لئے 8 مختلف مقامات پر ٹرانزٹ رہائش گاہیں قائم کر رہا ہے جس میں تقریباً 28 کروڑ کا مالی اثر شامل ہے۔ و ٹرانزٹ رہائش مکمل ہونے کے قریب ہے۔ان ٹرکوں کو جموں سے ڈائرکٹر قبائلی امور جموں و کشمیر مشیر احمد نے منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آر ٹی سی راکیش کمار سرنگل، ڈپٹی ڈائریکٹر قبائلی امور جموں ڈاکٹر عبدالخبیر، محکمہ قبائلی امور کے افسران اور دیگر سرکردہ افراد کی موجودگی میں ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔










