شہلا رشید کیخلاف مقدمہ چلانے کی منظوری
سری نگر//دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے جواہر لعل نہرئو اسٹوڈنٹس یونین کی سابق نائب صدر شہلا رشید شورا کیخلاف ہندوستانی فوج کے بارے میں ٹویٹس کرنے پر مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ایل جی آفس کے عہدیداروں نے منگل کوبتایاکہ یہ منظوری شہلا رشید شورا کیخلاف 2019 کی ایف آئی آر سے متعلق ہے، جوآئی پی سی سیکشن 153 اے کے تحت، نئی دہلی کے اسپیشل سیل پولیس اسٹیشن میں ایک شہری الکھ آلوک سریواستو کی شکایت کی بنیاد پر درج کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (JNUSU) کی سابق لیڈر پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے اور اپنے ٹویٹس کے ذریعے ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے منفی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ایل جی آفس نے کہا کہ استغاثہ کی منظوری کی تجویز دہلی پولیس نے پیش کی تھی اور دہلی حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اس کی حمایت کی تھی۔18 اگست2019 کو شہلا رشیدکے ٹویٹس میں فوج پر کشمیر میں گھروں میں گھس کر مقامی لوگوں کو تشدد کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔فوج نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا۔










