’فضائی اور خلائی قوت بننے کی ہماری جستجو میں، ہمیں خلائی ڈومین کی اہمیت کو تسلیم کرنا چاہیے ‘‘/فضائیہ سربراہ
سرینگر //حکمت عملی کو بہتر بنانے اور ہمہ جہت صلاحیتوں کو بڑھانے کو پر زور دیتے ہوئے فضائیہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دنیا تیز رفتاری سے بدل رہی ہے اور آئی اے ایف کو اپنے راستے میں آنے والے تمام نئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔آئی اے ایف کے سربراہ نے کہا’’فضائی اور خلائی قوت بننے کی ہماری جستجو میں، ہمیں خلائی ڈومین کی اہمیت کو تسلیم کرنا چاہیے اور اپنی خلائی صلاحیتوں کو فروغ دینا جاری رکھنا چاہیے‘‘۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق ائر فورس د ن کے موقعہ پر فضائیہ کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل وی آر چودھری نے اپنی فورس سے اپنی حکمت عملی کو بہتر بنانے، ہمہ جہت صلاحیتوں کو بڑھانے اورمستقبل کی ممکنہ جنگوں سے مقابلہ کرنے کیلئے ایک لچکدار ذہنیت تیار کرنے پر زور دیا۔ فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی منظر نامے نے فورس کو مقامی صلاحیت کو فروغ دے کر درآمدات پر انحصار کم کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ائیر چیف مارشل چودھری نے فضائی طاقت کے ارتقاء کی باریکیوں کو سمجھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا ’’امن کو برقرار رکھنے اور جب ضروری ہو تو جنگیں لڑنے اور جیتنے کیلئے رفتار پکڑنے کی ضرورت ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیز رفتاری سے بدل رہی ہے اور آئی اے ایف کو اپنے راستے میں آنے والے تمام نئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس پیچیدہ اور متحرک تزویراتی ماحول میں، اپنی حکمت عملی کو بہتر بنانا، مضبوط ہمہ گیر صلاحیتوں کو استوار کرنا اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ مستقبل کی جنگوں پر طریقہ سے لڑنے کیلئے ایک لچکدار ذہن تیار کرنا فیصلہ کن ثابت ہوگا۔آئی اے ایف کے سربراہ نے کہا’’فضائی اور خلائی قوت بننے کی ہماری جستجو میں، ہمیں خلائی ڈومین کی اہمیت کو تسلیم کرنا چاہیے اور اپنی خلائی صلاحیتوں کو فروغ دینا جاری رکھنا چاہیے۔ائیر چیف مارشل چوہدری نے اپنی فورس سے کہا کہ وہ نظم و ضبط، دیانتداری کے کلچر کو فروغ دیتے رہیں اور ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ہمیشہ چوکس رہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کے دفاع کیلئے ہمارا عزم ثابت قدم ہے اور ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کرتے رہیں گے، ممکنہ دشمنوں کو روکیں گے اور اپنے لوگوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ صرف ایک فوجی قوت نہیں ہے، یہ ہماری قوم کی اجتماعی طاقت اور عزم کی علامت ہے۔










