پنڈتوں کی تشویش کواُجاگرکرنے کیلئے لیفٹنٹ گورنر سے ملاقات کرنے کافیصلہ :محمدیوسف تاریگامی
سری نگر//مختلف سیاسی جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم عوامی اتحاد برائے گپکارروڑ(PAGD) کے لیڈران کی ایک میٹنگ سنیچرکی صبح ڈاکٹرفاروق کی گپکاررہائش گاہ پر منعقد ہوئی ،جس میں پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی ،سی پی آئی ایم کے سینئرلیڈر محمدیوسف تاریگامی اورعوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر مظفرشاہ نے شرکت کی ۔جے کے این ایس کے مطابق میٹنگ میں پنڈتوں سمیت عام شہریوںکی ہلاکتوں کے واقعات سے پیداشدہ خوف وہراس وعدم تحفظ کی صورتحال اورجموں وکشمیر حدبندی کمیشن کی جانب سے حال ہی پیش کردہ حتمی حدبندی رپورٹ کوبھی زیرغور لایاگیا۔اس دوران کشمیری پنڈتوںکے ایک وفد نے پی اے جی ڈی لیڈرشپ کیساتھ ملاقات کی ۔پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (PAGD) نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ وادی میں کشمیری پنڈتوں کے تحفظ اور سلامتی کے حوالے سے ان کے مطالبات اٹھا سکیں۔میٹنگ کے بعدPAGD کے ترجمان محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے ایک گروپ نے نیشنل کانفرنس کے صدر کی گپکار رہائش گاہ پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی،محمدیوسف تاریگامی اور مظفر احمد شاہ سے ملاقات کی۔انہوںنے کہاکہ کشمیری پنڈتوں پی اے جی ڈی لیڈران کے ساتھ سیکورٹی سے متعلق خدشات پر تبادلہ خیال کیا اور اُنہیں کشمیر چھوڑنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔محمدیوسف تاریگامی کاکہناتھاکہPAGD کے اراکین نے تاہم وفد کو بتایا کہ کشمیر ان کا بھی ہے اور آبائی جگہ چھوڑنا کوئی حل نہیں ہے۔PAGD کے ترجمان نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے حقیقی مطالبات ہیں کیونکہ وہ اب سرکاری دفاتر تک کو بھی غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ پی اے جی ڈی نے اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ملاقات کے لئے بھی درخواست کی ہے تاکہ کشمیری پنڈتوں کے لیے محفوظ ماحول کے حوالے سے ان سے بات چیت کی جائے۔محمدیوسف تاریگامی نے کہا کہ کشمیر میں حالات معمول پر آنے کے بارے میں حکومت کی جانب سے بڑے دعوے کیے جا رہے ہیں تاہم زمینی صورتحال اس کے برعکس ہے۔










