معاملے میں کچھ اہم سراغ ملے ،تحقیقات جاری ،امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی / وجے کمار
سرینگر // عیدگاہ میں مارے گئے پولیس انسپکٹر کے کیس کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) کو سونپ دی گئی ہے کی بات کرتے ہوئے اے ڈی جی پی وجے کمار نے کہا کہ پولیس کو اس معاملے میں کچھ اہم سراغ ملے ہیں جن پر تحقیقات جاری ہے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق ضلع پولیس لائنز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ( لاء اینڈ آرڈر ) وجے کمار نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پولیس انسپکٹر مسرور احمد وانی کی ہلاکت کے کیس کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو سونپ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ’’مقدمہ این آئی اے کو دے دیا گیا ہے۔ این آئی اے اور جموں کشمیر پولیس مشترکہ طور پر اس کی تحقیقات کریں گے۔ وجے کمار نے مزید کہا کہ اس کیس میں پولیس کو کچھ اہم سراغ ملے ہیں اور تحقیقات جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہلاکت میں ملوث افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تحقیقات جاری ہیں اور ہم تفصیلات کا اشتراک نہیں کر سکتاہے۔ اے ڈی جی پی نے کہا کہ امن و امان کی برقراری ایک بنیادی ضرورت اور عوام کا حق ہے، اور جو افراد، علیحدگی پسند، شرپسند یا ملی ٹنٹ اس میں خلل ڈالنے کی کوشش کریں گے ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔










