market checking

عیدالفطر کے پیش نظر لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ کی ناجائز منافع خوروں کیخلاف مہم

تاجروں کیخلاف586مقدمات درج، 13 لاکھ روپے250روپے بطور جرمانہ وصول

سری نگر//ماہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران صارفین کے مفادات کے تحفظ کیلئے، لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ نیجموں وکشمیر میں مارکیٹ چیکنگ کی سخت مہم چلائی۔جے کے این ایس کے مطابق ایک میڈیا رپورٹ میں محکمہ لیگل میٹرولوجی کے حکام کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاکہ مارکیٹ چیکنگ کے دوران586 ایسے تاجروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جو لیگل میٹرولوجی ایکٹ2009 کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔خلاف ورزی کرنے والے مختلف کاروباری اداروں اور دکانوں پر پائے گئے جن میں ایل پی جی ڈیلر، سبزی، پھل، مٹن اور پولٹری بیچنے والے بھی شامل ہیں۔خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں وتاجروں سے 13لاکھ250روپے بطورجرمانہ وصول کیاگیا جب انہوں نے اپنے مقدمات کو محکمانہ طور پر کمپاؤنڈنگ کرنے کی درخواست کی۔ لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ نے ان مختلف شکایات کا بھی ازالہ کیا جو تاجروں کے خلاف موصول ہوئی تھیں جو کہ زیادہ قیمتیں یادام وصولنے میں ملوث ہیں اور مصنوعات پر مہنگے MRP اسٹیکرز چسپاں کر رہے ہیں۔محکمہ لیگل میٹرولوجی کے حکام نے بتایاکہ شہری علاقوں کے علاوہ جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں میں بھی خصوصی مارکیٹ چیکنگ مہم چلائی گئی اور کنٹرولر لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ کے حکم سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور انہیں جموں کے منڈی، مینڈھر، بنی، بسوہلی، چنانی، چھترو وغیرہ اور کشمیر کے بیروہ، خانصاحب، لار، کنگن، دمہال ہانجی پورہ، دیوسر وغیرہ، جیسے علاقوں کا معائنہ کرنے کیلئے بھیجا گیا۔انہوںنے کہاکہ محکمہ کا مقصد عید کے آنے والے تہوار کے موقع پر آنے والے دنوں میں بھی اپنی مارکیٹ چیکنگ مہم کو جاری رکھنا ہے۔لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں صارفین سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ محکمہ سے رابطہ کریں۔