سرینگر / این این بی // نیشنل کانفرنس کے سنیئر لیڈر علی محمد ساگر کی کابینہ میں انٹری کے بعد حاجی مبارک گل کو نیشنل کانفرنس کا جنرل سیکرٹری مقررکیا گیا ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے سینئر لیڈر حاجی مبارک گل کو پارٹی کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس کی رو سے پارٹی کے سینئر لیڈر و ایم ایل اے خانیار علی محمد ساگر، جنہیں آج کابینہ میںشامل کیا کیا گیا، کی جگہ حاجی مبارک گل کو نیشنل کانفرنس کا جنرل سکریٹری مقرر کیا جاتا ہے۔ حاجی مبارک گل نے آج ہی پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، سابق جنرل سیکرٹری حاجی علی محمد ساگر اور دیگر لیڈران کی موجودگی میں اپنا نیا عہدہ سنبھالا ۔اس سلسلے میں آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی،جس کی صدارت پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،نائب صدر و وزیرا علیٰ عمر عبداللہ نے حاجی مبارک گل کو نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ موصوف پارٹی کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کیساتھ برابر تال میل رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کیساتھ انجام دیں گے۔










