abiguzar srinagar

علاقہ آبی گزر اورسیول لائنز میں بندشیں عائد

محرم جلوس نکالنے کی اجازت نہیں،عوامی نقل وحمل اورکاروباری سرگرمیاں متاثر

سری نگر//شہر سری نگرکے آبی گزرعلاقہ میں یوم عاشورہ کے موقعہ پر ممکنہ طورپر عزاداری کاجلوس برآمد ہونے کے پیش نظر بندشیں عائد کی گئی ،جس وجہ سے ریگل چوک تالالچوک عوامی نقل وحمل اورکاروباری سرگرمیاں اثرانداز رہیں ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی ہدایت پرسری نگرپولیس نے آبی گزر سری نگر سے محرم کی دسویں تاریخ کوجلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی ۔یہاں سے ممکنہ طورپرعزاداری کاجلوس برآمد ہونے کے پیش نظر آبی گزر گلی کوسیل کردیاگیا تھا،اوریہاں سے کسی کوآنے جانے کی اجازت نہیں دی ۔بطوراحتیاطی اقدام کے راجباغ کوسیول لائنز سے جوڑنے والے دونوں فٹ برج بھی بندرکھے گئے تھے اوریہاں پولیس وفورسزنے تاربندی کررکھی تھی ۔ریگل چوک کراسنگ پر پولیس نے بندش عائد کی تھی ،اوریہاںسے کسی گاڑی کولالچوک کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔بندشوں کی وجہ سے ریگل چوک،پریس کالونی بالمقابل پرتاب پارک ،لالچوک اورگھنٹہ گھر میں عوامی نقل وحمل اورگاڑیوںکی آمدورفت مسدودہوکررہ گئی ،جبکہ سیول لائنز کے تمام اہم بازاروںمیں احتیاطی بندشوں کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں دن بھر اثرانداز رہیں ۔حکام نے بتایاکہ آبی گزر علاقہ میں احتیاطی طورپربندش عائد کی گئی تھی ،تاہم کسی نزدیکی علاقہ یابازار میں کوئی بندش نہیں تھی ۔انہوںنے کہاکہ سیول لائنز میں حالات پُرامن رہے اورکوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔