عالی کدل سری نگرمیں باروچی خانے میں گیس سلنڈرپھٹ گیا

58 سالہ خاتون موقع پرہی لقمہ اجل ,3منزلہ مکان کو آگ لگنے سے کافی نقصان،پولیس تحقیقات شروع

سری نگر//سری نگرکے پائین شہر کے عالی کدل علاقے میں ہفتہ کو گیس سلنڈر میں آگ لگنے اور بعدازاںپھٹنے سے ایک 58 سالہ خاتون کی موت ہوگئی جبکہ تین منزلہ مکان کو آگ لگنے سے نقصان پہنچا۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شہر سری نگرکے عالی کدل علاقے ایل پی جی یارسوئی گیس سلنڈر پھٹنے سے 3 منزلہ مکان کو نقصان پہنچا جب کہ فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں آگ کو پھیلنے سے روک لیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ 58سالہ خاتون نفیسہ گھر کے کچن کے اندر تھی جب گیس خارج ہونے کے بعد سلنڈر میں آگ لگ گئی اور وہ زوردار دھماکے کیساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جو مقامی لوگوں کے مطابق کافی عرصے سے علیل نہیں تھی اور زیادہ تر بستر پر پڑی ہوتی تھی۔انہوںنے کہاکہ گیس سلنڈر پھٹ جانے کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور3 منزلہ مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے اسے کافی نقصان پہنچا۔ تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ فوری طور پر فائراینڈایمرجنسی سروسزکے اہلکارعلاقے میں پہنچ گئے اور انہوں نے آگ پر قابو پالیا گیا۔ پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔