شوپیان// سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج طارق احمد زرگر نے آج ہیر پورہ ، منلو او رضلع شوپیاں کی دیگر پنچایتوں کا دورہ کیا اور پی ایم اے وائی ( جی) کیمپوں میں حصہ لینے اور پی ایم اے وائی ۔جی سے متعلق عوامی مطالبات اور شکایات سنیں۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا گرامین ( پی ایم اے وائی ۔ جی) مرکز کا فلیگ شپ ہاؤسنگ استحقاق ہے جس کا مقصد غریبوں کی رہائش کے مسائل کو حل کرنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پی ایم اے وائی ۔ جی دیہی مکانات کی کمی کو دور کرتا ہے اور ہندوستان کے دیہی علاقوں میں مکانات کے خسارے کو پورا کرتاہے جس نے ’’ سب کے لئے مکان‘‘ کے مشن میں اہم کردار اَدا کیا ہے اور اِس برس جموںوکشمیر یوٹی میں 2لاکھ ہائوسنگ یونٹوں کو مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج طارق احمد زرگر نے کہاکہ جموںوکشمیر یوٹی بھر کے پنچایتوں میں پی ایم اے وائی خصوصی کیمپوں کا اِنعقاد کیا جاتا ہے تاکہ اِستفادہ کنند گان کو موقعہ پرہی رجسٹر کیا جاسکے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان کیمپوں کے دوران رجسٹریشن ، دستاویزات کا عمل مکمل کیا جائے گا اور مستحق کنبوں کو زیادہ آسان طریقۂ کار سے زیادہ تعداد میں اِستفادہ کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر کیمپوں میں اے سی ڈی شوپیاں ہلال احمد جیری ، اے سی پی شوپیاں منظور احمد ، بی ڈی اوز ، عبدالقادر چرک ، جاہد آزاد ، دیگر متعلقہ اَفسران و ملازمین اور عوام اور پی آر آئی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔










