ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے صفاپورہ بلاک میں صفائی اِنتظامات کا جائزہ لیا

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے ضلع میں صفائی اِنتظامات کا موقعہ پر جائزہ لینے کے لئے صفاپورہ بلاک کا تفصیلی دورہ کیا۔اُن کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ڈاکٹر بشیر احمد ، سی اِی او ، ایم ڈی اے ، بی ڈی او صفاپورہ کے علاوہ صفاپورہ بلاک کے پی آر آئی ممبران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے صفائی اِنتظام سے متعلق جاری کاموں جیسے ایس ڈبلیو ایم سگریگیشن شیڈ ، ویسٹ ٹو وَنڈر پارک اور مانسبل میں نصب ایس ڈبلیو ایم مینوئل بیلر مشینری کی سائٹ کا معائینہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کو کوہستان کالونی صفاپورہ میں تعمیرہونے والے ایس ڈبلیو ایم سگریگیشن کا دورہ کرتے ہوئے جانکاری دی گئی کہ اس کا 90فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے بی ڈی اوکو ضروری تبدیلیاں کرنے کے لئے ہدایات دیں تاکہ شیڈ کو مکمل اور آسانی سے الگ کرنے کے مقصد کے لئے اِستعمال کیا جاسکے۔دریں اثنأ، ضلع ترقیاتی کمشنر نے علاقے میں منریگا کے تحت تیار کئے جانے والے ’’ ویسٹ ٹو وَنڈر‘‘ پارک کا دورہ کرکے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے بی ڈی او کو ہدایت دی کہ وہ الگ تھگ کوڑاکرکٹ اور ایک سائنسی لینڈ فِل سائٹ کے لئے فارورڈ لنکیجز کے مزید اِختیارات تلاش کریں۔اُنہوں نے آر ڈی ڈی کے اَفسران اور ملازمین کے رول کی تعریف کی جنہوں نے ضلع میں سوچھ گرام کارنامے کو حاصل کرنے میں نمایاں پیش رفت کرنے کے لئے گزشتہ پانچ ماہ سے انتھک محنت کی۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایس ڈبلیو ایم مینوئل بیلنگ مشینری کے آپریشنلائزیشن کا جائزہ لیا جو مانسبل میںنصب کی گئی ہے ۔اُنہوں نے اے سی ڈی سے کہاکہ کوڑا کرکٹ کو جمع کرنے کی دیگر شناخت شدہ جگہوں پر بھی مینوئل بیلنگ مشینری نصب کرے۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے حلقہ صفائی کمیٹیوں کے کام کاج ، گھرگھر کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور اس کی ٹرانسپورٹیشن کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے ممبران کے ساتھ اِستفساری گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اِنتظامیہ گاندربل ضلع کو کوڑاکرکٹ سے پاک بنانے اور سائنسی خطوط پر کوڑا کرکٹ کو صد فیصد ٹھکانے لگانے کے لئے پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے لوگوں اور پی آر آئی پر زور دیا کہ وہ سوچھ گرام کی اس پہل کو کامیابی تک لے جانے میں حصہ لیں اور تعاون کریں۔اُنہوں نے صفائی کمیٹیوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے حلقوں میں گھر گھر کوڑا کرکٹ اُٹھانے کو صد فیصد یقینی بنائیں اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کمیٹیوں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ سڑک کے کنارے پر کوڑاکرکٹ اور گوبر پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔واضح رہے کہ گاندربل جموں وکشمیر یوٹی میں واحد ضلع ہے جو 2سٹار زُمرے میں آتا ہے اور ایس ایس جی ۔2022ء کے ڈیلٹا کامیابی کے سکور کی بنیاد پر ملک کے اَضلاع کی درجہ بندی کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔