ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے اِی۔ آفس نظام کی عمل آوری کا جائزہ لیا

کہا، اِی۔آفس کو تبدیل کرنے سے نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے مختلف محکموں کے اَفسروں کی میٹنگ منعقد کی جس میں دفاتر میں کام کرنے کے اِی۔ آفس نظام کا جائزہ لیا گیا۔ابتداً ، ضلع ترقیاتی کمشنر نے مختلف محکموں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی صورتحال اور اِی ۔ آفس کی عمل آوری کے لئے دفاتر میں بنیادی ڈھانچے کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔اُنہوں نے ملازمین کو اِی ۔ آفس کے عمل اور طریقہ کار سے واقف کرنے کے لئے منعقدہ تربیتی سیشنوں کی تفصیلات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسران کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای آفس میں منتقلی سے نظام میں شفافیت اورجوابدہی کو یقینی بنانے کے علاوہ فائلوں کو فوری طور پر نمٹانے اور سرکاری دفاتر میں کام کے مؤثر انتظام میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے ڈی آئی او این آئی سی کو ایک ایسا فارمیٹ تیار کرنے کی ہدایت دی جس میں اِی۔ آفس سے وابستہ ملازمین کی محکمانہ تفصیلات ، فائل ہیڈز کے علاوہ فائل کی مومنٹ کے فلو چارٹ کو شامل کیا جائے۔اُنہوں نے اَفسروں کو اِی۔ میل کی میپنگ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی تاکہ اِی ۔ آفس پلیٹ فارم پر سرکاری کام کی منتقلی کے عمل کو جلد اَز جلدمکمل کیا جاسکے۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکت ڈیولپمنٹ کمشنر مشتاق احمد سمنانی ، اے سی آر ، ڈی آئی او این آئی سی اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔