کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان نے آج دُور دراز اور سرحدی علاقے بڈنمل کا تفصیلی دورہ کیا اور سرکاری اِداروں کے کام کاج اور عوام کے مسائل کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بڈنمل پہنچنے پر نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹربڈنمل کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا۔ اُنہوں نے مریضوں سے بھی بات چیت کی اور ان سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔اُنہوںنے ڈاکٹروں اور عملے پر زور دیا کہ وہ اس دُور دراز علاقے کے لوگوں کو معیاری صحت کی معیاری خدمات کی سہولیات فراہم کریں تاکہ اُنہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔آیوشی سوڈان نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بڈنمل کا بھی دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سکول کے کلاس روموں کا معائینہ کیا اور طلباء سے بات چیت کی۔ اُنہوں نے اَپر پرائمری سکول بڈنمل کا بھی دورہ کیا۔اُنہوں نے دورے کے دوران بزرگ شہریوں سمیت عوام کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی جنہوں نے اُنہیں پانی کی فراہمی، بجلی کی فراہمی، سڑک رابطے، موبائل نیٹ ورک، کھیل میدان کی تعمیر، منی بینک کے قیام سمیت اپنے روزمرہ کے ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے اُن کے مطالبات اور شکایات کو بغور سُنا اور اُنہیں حل کرنے کی یقین دہانی کی۔موصوفہ نے کہا کہ بڈنمل کے ان کے دورے کا مقصد یہاں رہنے والے لوگوں کو درپیش مسائل کو جاننا اور سرکاری اِداروں کے کام کاج کا جائزہ لینا تھا۔اُنہوں نے اَپنے مسائل کو احسن طریقے سے بیان کرنے پر عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترقی ایک مسلسل عمل ہے اور ضلعی اِنتظامیہ ضلع کے علاقوں بالخصوص بڈنمل جیسے سرحدی علاقوں کی ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو فوری ہدایات جاری کیں۔آیوشی سوڈان نے حال ہی میں شدید بارش کے دوران تباہ ہونے والے امیر بھٹ پُل کی مرمت کے کام کا معائینہ کرتے ہوئے ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی کو مرمت کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی تاکہ لوگوں کو عبور و مرور میں آسانی ہوسکے۔ اُنہوں نے بڑامیدان روشینار کے بالائی علاقے کا بھی دورہ کیا جہاں لوگوں نے انہیں زمین کے کچھ مسائل سے آگاہ کیا جسے ڈپٹی کمشنر نے موقہ پر ہی حل کیا۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان نے چوکی بل کی جانب جاتے ہوئے گورنمنٹ ہائی سکول مانچتر کا اچانک دورہ کیا جہاں اُنہوں نے سکول میں جاری کلاس ورک کا معائینہ کیا۔ سکولی عملے کے اَرکان نے انہیں باڑ لگانے اور عملے کی تعیناتی سمیت سکول کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کپواڑہ مظفر احمد ، چیف ایجوکیشن آفیسر عبدالمجید ڈار چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر رمضان، ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اینڈ بی ڈویژن کرالپورہ، ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی، بی ڈی او، بی ایم او، زیڈ اِی او کے علاوہ دیگر سول اور پولیس افسران بھی تھے۔










