اَفسروں کو میلے کیلئے تفصیلی اِنتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت
کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اَطہر عامر خان نے آج کھیر بھوانی اَستھاپن منزگام اور ماتا تری پور سندری کھن برنی دیوسر میں میلہ کھیر بھوانی کے پپراَمن اِنعقاد کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اَفسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے سیکورٹی اِنتظامات، اشیائے ضروریہ کی دستیابی، رہائشی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی سہولیات کے علاوہ بجلی اور پانی کی فراہمی کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے میلے کے لئے متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ عقیدت مندوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کے پی ڈِی سی ایل اور جل شکتی کے متعلقین کو دونوں مقامات پر بلاتعطل بجلی اور پانی کی فراہمی کی ہدایت دی۔مزید برآں، ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ قریبی تال میل برقرار رکھیں اور میلے کے خوش اَسلوبی سے اِنعقاد کے لئے مناسب اِنتظامات کو یقینی بنائیں۔میونسپل کونسل کولگام اور بلدیہ دیوسر کے اِی اوز کو ہدایت دی گئی کہ وہ دونوں مقامات پر مناسب صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے افسروںکو ہدایت دی کہ وہ دونوں مقامات کا دورہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ دونوں جگہوں پر تہوار کی خوشی اور بغیر پریشانی تقریبات کوممکن بنانے کے لئے مناسب اِنتظامات کئے جائیں۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی بشیر احمد وانی ، اے سی ڈی سیّد نصیر، اے سی پی نازیہ حسن، پی ایچ اِی اور آر اینڈ بی کے ایگزیکٹیو انجینئروں، ڈی ایچ پورہ اور دیوسر کے تحصیل دار، اِی او اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اِس کے علاوہ شری تری پور سندری سنستھا اورصدر کھیر بھوانی استھاپن منزگام اور ممبران نے میٹنگ میں شرکت کی۔










