ضلع ترقیاتی کمشنر نے سانبہ سے 32 عازمین حج کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

سانبہ / /ضلع ترقیاتی کمشنر ابھیشیک شرما نے کانفرنس ہال ڈی سی آفس سے سانبہ ضلع کے 32 عازمین حج کے ایک گروپ کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔عازمین حج کے گروپ میں 16 مرد اور 16 خواتین شامل ہیں جن میں سے 28 دہلی سٹیٹ حج کمیٹی کو حج منزل ترکمان گیٹ آصف علی روڈ نئی دہلی میں اور باقی 4 سری نگر میں رِپورٹ کریں گے۔ضلع اِنتظامیہ سانبہ نے تمام ضروری اِنتظامات اور سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے نوڈل آفیسر اور رابطہ آفیسرمقرر کیا ہے تاکہ عازمین حج کو بحفاظت اور آرام سے حج ہاؤس سری نگر اور حج منزل دہلی کے لئے سعودی عرب کے لئے ان کے بین الاقوامی ہوائی اَڈے دہلی اور سری نگر سے آگے سفر کرسکیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عازمین حج سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کے محفوظ سفر کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے ان سے اپیل کی کہ وہ ملک اور ضلع کے اَپنے ہم وطنوں کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں۔ اُنہوں نے حج کی اہمیت اور اَمن، اتحاد اور بھائی چارے کی اقدار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔مزید برآں، اُنہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ 3 ؍مارچ کو مرکزی وزیر اقلیتی امور سمرتی زوبن ایرانی کی جانب سے شروع کردہ حج سہولیت ایپ کو اِنسٹال اور اِستعمال کریں جو سالانہ حج کے دوران تربیتی ماڈیول، پرواز اور رہائش کی تفصیلات تک براہِ راست رَسائی فراہم کرے گی۔اِس تقریب میں ایس ایس پی سانبہ وِنے کمار، اے ڈی سی سریش چندر، ڈی آئی او عاشق رفیق ملک، لیزان آفیسر یعقوب خان اور ضلعی اِنتظامیہ اور پولیس اَفسروں، مذہبی کمیونٹی کے نمائندوں اور خیر خواہوں نے شرکت کی ۔