ضلع ترقیاتی کمشنر نے درگمولہ میںحضرت زاتی شاہ ولیؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی اور سالانہ تقریب کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے سالانہ عرس کی تقریبات کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج درگمولہ میںحضرت زاتی شاہ ولی ؒکی زیارت گاہ کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے عرس کی تقریبات کے لئے زیارت گاہ پر آنے والے عقیدت مندوں کے لئے مختلف محکموں کی جانب سے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اَوقاف کمیٹی کے اراکین سے بات چیت کی اور حضرت زاتی شاہ ولی صاحب ؒکی زیارت گاہ پر عرس کے خوش اسلوبی سے اِنعقاد کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اِنتظامات کے بارے میں ان سے رائے لی۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ زمینی سطح پر فول پروف اِنتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اُنہوں نے اَفسران کو زیارت گاہ پر سالانہ عرس کی خوش اَسلوبی سے منانے کے لئے بلا تعطل بجلی اور پانی فراہمی ، صفائی ستھرائی ، راشن کی فراہمی اور دیگر اِنتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔دریں اثنا ضلع ترقیاتی کمشنر نے زیارت گاہ پر حاضری دی اور عوام کی خوشحالی اور اَچھی صحت کے لئے دعا بھی کی۔ہر برس مذہبی جوش و جذبے سے منایا جانے والا عرس 3؍ جون کو شروع ہوگا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ ڈی ڈی سی ممبر درگمولہ آمنہ مجید ، تحصیل دار درگمولہ ، اِی او میونسپل کمیٹی کپواڑہ ، اے ڈی ایف سی ایس اینڈ سی اے او ردیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔