ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کا ٹائون ہال ماگام میں عوامی شکایات ازالے کیمپ کا اِنعقاد

ترقیاتی سرگرمیوں کاجائزہ لیا اور عوامی خدمات کی فوری فراہمی پر زور دیا

بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ایس ایف حامد نے آج ماگام ٹائون کا دورہ کیا اور ٹائون ہال ماگام میں عوامی شکایات ازالے کیمپ کا اِنعقاد کیا۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیئرمین بڈگام نذیر احمد خان، صدر میونسپل کمیٹی ماگام مصطفی میر، ایس ڈی ایم بیروہ توفیق غازی ، وارڈ ممبران او رمختلف محکموں کے اَفسران موجود تھے۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہارکرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفسران کو مختلف الاٹ شدہ پروجیکٹوں بشمول بابا محلہ ، کرالپورہ ڈبلیو ایس ایس میں ایک پُل ، ٹنگمرگ روڈ پر کلورٹ کی تعمیر ، ریٹیننگ وال اور دیگر پروجیکٹوں کی سٹیٹس رِپورٹس پیش کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا تاکہ بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عام لوگوں کے مطالبہ کے مطابق آر اینڈ بی سب ڈویشن کو ٹنگمرگ کے بجائے ماگام سے کام کرنے کی ہدایت دی او رمتعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ وہ اِس سلسلے میں اعلیٰ حکام کے جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے عوامی خدمات کی فوری فراہمی پر زور دیتے ہوئے تمام دفاتر کو عام لوگوں کی سہولیت کے لئے مربوط اَنداز میں کام کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ مقامی لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے نکاسی آب کی تعمیر ، آبپاشی ، تعلیم ، صحت شعبے ، سڑکوں کی ترقی ، سٹریٹ لائٹنگ ، بجلی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کاموں کو بھی تیز کیا جائے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے خود روز گار کے لئے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ ماگا م کے مقامی بے روزگار نوجوانوں کے لئے خصوصی تربیت اور جاب فیئر کا اِنعقاد کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ماگا میں 1,300 نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی اور مختلف خود روزگار سکیموں کے تحت روزگار دیا جائے گا۔اُنہوں نے ریونیو اَفسران کو ہدایت دی کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے تمام نشاندہی شدہ جگہوں پر اِنسداد تجاوزات مہم چلائی جائے۔ اُنہوں نے ماگام کے تمام وارڈوں میں صفائی ستھرائی کے مناسب اِنتظامات پر زور دیا۔اِس سے قبل مقامی پی آر آئیز ، بزرگ شہریوں اور دیگر معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر کے سامنے اَپنے مطالبات اُٹھائے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اُن کے مطالبات بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ کہ ان کی جانب سے پیش کئے تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر چیئرمین ڈی ڈی سی بڈگام نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ماگا م کی سیاحتی صلاحیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹائون علاقے میں سیاحتی سہولیات سے متعلقہ بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے۔