گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے تمام متعلقہ ضلع اَفسران کی ایک میٹنگ طلب کی تاکہ بال تل کے راستے 2023ء کی سالانہ شری اَمرناتھ جی یاترا ( ایس اے جے وائی) کے احسن اِنعقاد کے اِنتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔ابتداً ، ٹرانزٹ کیمپ منیگام ، بیس کیمپ بال تل ، دومیل ، ریل پتھری اور دیگر ہالٹ سٹیشنوں سمیت مختلف مقامات پر مختلف محکموں کی تیاریوں اور اِنتظامات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔میٹنگ میں پانی اور بجلی کی فراہمی ، طبی سہولیات ، صفائی ستھرائی ، نکاسی آب ، خدمات فراہم کرنے والوں کی رجسٹریشن ، عوامی سہولیت ، لکڑی ، اشیائے ضروریہ کی سٹاک پوزیشننگ ، سیلاب سے بچائو کے کاموں اور دیگر متعلقہ اِنتظامات سمیت مختلف جاری کاموں اور اِنتظامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کو تمام متعلقہ محکموں کے اَفسران نے یاترا کے حوالے سے کئی مقامات پر کئے جانے والے کاموں کی تیاریوں اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ یاتریوں کو یاتر ا کے دوران بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے اور اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر سطح پر محکموں کے درمیان بہتر منصوبہ بندی اور ہم آہنگی کو یقینی بنائیں تاکہ تمام تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں۔اُنہوں نے عوامی سہولیتوں اور بیت الخلاء کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اے سی ڈی کو صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے، بیس کیمپ بال تل اور پوتر گپھا کے راستے کے علاوہ یاتریوں کے دیگر رُکنے والے مقامات پر عوامی سہولیات اور بیت الخلاء کی فراہمی کی تاکید کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر مشتاق احمد سمنانی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر معراج الدین شاہ ، چیف پلاننگ آفیسر عرفان گیری ، اے سی ڈی ، سی اِی او، ایس ڈی اے ، ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر ، پی ڈی ڈی کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں ، آر اینڈ بی اور اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول اور لائن محکموں کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔










