ضلع اِنتظامیہ شوپیان نے چترا گام میں عوامی رسائی پروگرام ’ بلاک دیوس‘کا اِنعقاد کیا

شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان فضل الحسیب نے لوگوں کی شکایات اور مسائل کو ان کی دہلیز پر سننے اور ان کا اَزالہ کرنے کے لئے آج چترا گام میں ہفتہ وار عوامی رَسائی پروگرام ’ بلاک دیوس ‘ کا اِنعقاد کیا۔دورانِ پروگرام پی آر آئی ممبران اور علاقوں کے عوامی نمائندوں کی جانب سے دیہی ترقی ، ترقیاتی اور فلاحی ضروریات ، فلاح و بہبود اور روزگار سے متعلق مختلف مسائل کو حل کرنے کے لئے پیش کیا گیا۔تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی پرجوش شرکت دیکھنے کو ملی ۔عوامی اہمیت کے مسائل بشمول جے جے ایم کے تحت پینے کے پانی کی دستیابی ، ستراجن چتراگام رِبن روڈ پر پُل کی تعمیر ، چترا گام میں ایمبولنس ، چترا گام میں ورکشاپ کا قیام ، بھیڑو پشو پالن اور صحت اِداروں میں عملے کی معقولیت ، رہ جانے والی سڑکوں کی میکڈیمائزیشن ، چتراگام کے فائر سروس سٹیشن اور ہسپتال کو حکام کے نوٹس میں لایا گیا۔اِس کے علاوہ ہائی سکول کو ہائیر سکینڈری سکول میں اَپ گریڈ کرنا ، ڈاچو میں ہیلتھ سینٹر ، یوپی ایس ڈاچو میں بنیادی ڈھانچہ کی اَپ گریڈیشن ، ڈاچو میں پلے فیلڈ ، ناروانی ڈی کے میں کاشوا برج پر پرائمری سکول مطالبات شامل تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مطالبات کو بغور سنا اور متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے مسائل اور مطالبات کے فوری اور جلد اَزالے کو یقینی بنائیں۔اِس موقعہ پر موجو داَفسران نے لوگوں کے مختلف سوالات اور مسائل کے جوابات بھی دئیے اور دیگر مسائل کا بھی موقعہ پر اَزالہ کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلاک دیوس کا بنیادی مقصد لوگوں کی دہلیز پر بروقت اَزالے کے لئے فوری نوعیت کے مسائل اور شکایات کا اَزخود جائزہ لینا ہے۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مشنری جذبے سے کام کریں تاکہ علاقے کے لوگوں کا ان کے حقیقی حقوق سے محروم نہ کیا جائے۔پروگرام میں پی آر آئیز کے علاوہ ضلعی و سیکٹورل اَفسران اور لائن ڈیپارٹمنٹوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔