لاجنگ اور بورڈنگ کی اَچھے معیاری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے آج حج ہائوس بمنہ کا دورہ کیا تاکہ عازمین کی سہولیت کے لئے کئے گئے اِنتظامات او رسہولیات کا جائزہ لیا جاسکے۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر کو چیئرمین جموںوکشمیر حج کمیٹی عبدالسلام نے عازمین حج کے لئے مناسب او رمعیاری سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے اِنتظامیہ کی طرف سے کئے گئے اِنتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔دورے کے دوران صوبائی کمشنر نے حج ہائوس کے تمام کمروں او رہالوں کا چکر لگا کر صفائی ستھرائی کے علاوہ رہائشی سہولیات کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے چیئرمین جموںوکشمیر حج کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ عازمین کے لئے کھانے اور دیگر خدمات کے اَچھے معیار کو یقینی بنائیں اور متعلقہ اَفراد کو بستر کی چادرین باقاعدگی سے تبدیل کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے حج ہائوس کے اَفسران اور ملازمین کے ساتھ یک مختصر میٹنگ بھی منعقد کی او راحاطے میں صفائی کو برقرار رکھنے ، پینے کے پانی کی پوائنٹس کے کام کو یقینی بنانے کے علاوہ الیکٹرک رابطہ کو یقینی بنانے کے لئے متعدد ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے حج۔2023 کے عازمین کے لئے بہتر اور بغیر پریشانی اِنتظامات کے لئے دیگر محکموں کے ساتھ قریبی تال میل او رہم آہنگی پر زور دیا۔










