جموں//صدر لاوَا اِنٹرنیشنل سنیل رینہ نے آج راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔سنیل رینہ نے لیفٹیننٹ گورنر کو کمپنی کے اَقدامات اور عام لوگوں کے لئے 5جی ڈیوائسز کو مزید سستی بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تیز رفتار 5جی نیٹ ورکس کا آغاز ہونا شروع ہو گیا ہے اور بہت جلد ہمارے پاس پورے جموں وکشمیر یوٹی میں خدمات دستیاب ہوں گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جدید ترین ٹیکنالوجیز کے ساتھ مل کر اِختراعی حل تیار کرنے کے لئے آئی ٹی سیکٹر کی کوششوں کی تعریف کی۔اُنہوں نے کہا،’’ آئی ٹی سیکٹر بہت مضبوط اورمسلسل ترقی کررہا ہے ،بہترین ٹیکنالوجیز کا استعمال ، جواب دہ ، شفاف اور آسانی سے قابلِ رَسائی گورننس کو یقینی بناتا ہے ۔‘‘یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایات کے تحت حکومت نے نومبر 2022ء میں فائنانشل کمشنر( اے سی ایس) داخلہ محکمہ کی سربراہی میں ایک ورکنگ کمیٹی تشکیل دینے کے لئے ایک فعال قدم اُٹھایا تھا تاکہ جموںوکشمیر میں 5جی سہولیت فراہم کی جاسکے ۔ ’’ ڈیجیٹل جموںوکشمیر مشن ‘‘ کو 5جی ٹیکنالوجی مزید تقویت دے گی اور صد فیصد خدمات کے تصرف اور معیار کو بہتر بنائے گی جو اَب حکومت جموںوکشمیر آن لائن موڈ کے ذریعے پیش کر رہی ہے۔










