سرینگر / /جموں و کشمیر ورکرز پارٹی ( جے کے ڈبلیو پی ) کے صدر میر جنید ، بین الاقوامی گجر مہاسبھا ( آئی جی ایم ) اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ اینڈ ایمپلایمنٹ فاؤنڈیشن ( سی ڈی اینڈ ای ایف ) کے وفود نے آج یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ شیخ جنید نے لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں عوامی اہمیت کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے لنگیٹ ، کپواڑہ میں کان کنی کے مسئلہ کے علاوہ جل شکتی اسکیموں ، کالج اور اسپورٹس اسٹیڈیم سے متعلق خدشات پر تبادلہ خیال کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے صدر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کے ذریعہ پیش کردہ حقیقی مسائل کو میرٹ پر ضلد از جلد حل کرنے کیلئے یو ٹی انتظامیہ کے متعلقہ حلقوں کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ اسی طرح بین الاقوامی گجر مہا سبھا کے ایک وفد نے محترمہ تزیم گجر کی قیادت میں لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر یو ٹی کے قبائلیوں کی فلاح و بہبود کیلئے یو ٹی انتظامیہ کی طرف سے شروع کئے گئے بے مثال اور بے پناہ ترقیاتی کاموں اور اسکیموں کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ جموں و کشمیر کی حکومت نے قبائلی لوگوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے اور ان کی سماجی و اقتصادی خوشحالی کو یقینی بنانے پر اتنی توجہ دی ہے ۔ بعد ازاں سید محمد رفیق کی قیادت میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ اینڈ ایمپلایمنٹ فاؤنڈیشن کے ایک وفد نے بھی لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور عوامی اہمیت کے مسائل کو اجاگر کرنے کے علاوہ عازمین حج کیلئے یو ٹی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اظہار تشکر کیا ۔










