عوامی مسائل اور مطالبات سنے اور ضلعی اِنتظامیہ سے ضلع میں فوری عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کہا
بڈگام//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شیلندر کمار نے آج کانفرنس ہال بڈگام میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔شروع میں پرنسپل سیکرٹری نے عوامی مسائل اور مطالبات کوبغور سُنا اور ضلع میں مجموعی طور پر عوامی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ سے کہا کہ وہ ضلع میں عوامی فوری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔پرنسپل سیکرٹری نے تمام جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور عوامی اِستعمال کے لئے مکمل شدہ منصوبوں کی تکمیل پر زور دیا۔اُنہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ منشیات کے اِستعمال کو روکنے میں اپنے مثبت کردار کو یقینی بنائیں اور ذمہ دار شہری کے طور پر کام کریں تاکہ اس مسئلے کو مؤثر طریقے سے حل کرنے میں پولیس اور سول اِنتظامیہ کی مدد کی جاسکے۔پرنسپل سیکرٹری نے نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ضلع کے تمام قصبوں اور دیہی علاقوں میں سوچھتا مہم کے کامیاب عمل آوری کے لئے اَپنا تعاون فراہم کریں اور کوڑا کرکٹ پھینکنے اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔ اُنہوںنے اس طرح کے پروگراموں میں عوام کی شرکت کی تعریف کی اور سرکاری سکیموں اور خدمات کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔شیلندر کمارنے کہا کہ عوام کو حکومت کی ترقیاتی سرگرمیوں کا حصہ بنانے اور نچلی سطح پر فلیگ شپ اَقدامات اور فلاحی سکیموں کے کامیاب عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے اِستفساری پروگراموں یا عوامی درباروں میں عوام کی شرکت ضروری ہے۔ضلع کے مختلف علاقوں سے عوامی وفود نے اَپنے مسائل اور مطالبات کو پرنسپل سیکرٹری کے گوش گزار کئے۔پرنسپل سیکرٹری نے عوام کی جانب سے اُٹھائے گئے جائز مطالبات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اِن تمام مطالبات کو بروقت اور جلد کارروائی کے لئے متعلقہ حلقوں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو نے کہا کہ تمام ہدایات اور تجاویز کو مناسب طریقے سے ریکارڈ کیا گیا ہے اور اُن پر مکمل عمل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ کارروائی کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی اور ضلعی اِنتظامیہ اسی رفتار کے ساتھ فوری سروس ڈیلیوری جاری رکھے گی۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ حکومت جموں و کشمیر نے اِنتظامی سیکرٹریوں کو تفویض کردہ اضلاع میں عوامی دربار منعقد کرنے کے لئے تعینات کیا ہے تاکہ عام لوگوں کی شکایات کو سنا جاسکے اور ان کا ازالہ کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ایس ایس پی بڈگام، ڈائریکٹر زراعت کشمیر، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر، ڈائریکٹر سیری کلچر، اے ڈی سی اور دیگر تمام ضلعی و سیکٹورل افسران بھی موجود تھے۔










