Young man killed near CRPF camp in Shopian

شوپیاں میں سی آر پی ایف کیمپ کے نزدیک نوجوان کی ہلاکت

سری نگر// جنوبی ضلع شوپیاں کے بابا پورہ میں واقع سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک کیمپ کے نزدیک اتوار کی صبح ایک نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ضلع پولیس شوپیاں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مذکورہ نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ جنگجوئوں اور سی آر پی ایف کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں پیش آیا ہے۔اس میں کہا گیا ہے: ‘نامعلوم دہشت گردوں نے اتوار کی صبح ساڑھے دس بجے کے قریب بابا پورہ شوپیاں میں 178 بٹالین سی آر پی ایف کی ایک ناکہ پارٹی پر حملہ کیا۔ سی آر پی ایف نے جوابی فائرنگ کی اور کراس فائرنگ کے دوران ایک عدم شناخت شخص مارا گیا ہے۔ذرائع نے مہلوک نوجوان کی شناخت آرونی اننت ناگ کے رہنے والے شاہد احمد راتھر کے طور پر کی ہے اور اس کی عمر 20 سال کے آس پاس بتائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہد سیب کے باغات میں مزدوری کرنے کے لئے شوپیاں آیا تھا اور آج صبح گھر واپسی کے دوران گولیاں کا شکار ہو کر جاں بحق ہوا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مہلوک نوجوان اپنے چار بھائی بہنوں میں سب سے بڑا تھا اور گھر کے اخراجات پورا کرنے کی ذمہ دار اس کے کندھوں پر ہی تھی۔بتا دیں کہ ایک عام نوجوان کی ہلاکت کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے پر ہیں۔دریں اثنا سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے شاہد احمد کی ہلاکت کی سخت مذمت کی ہے۔ یو این آئی