عوام الناس کے مسائل کو حل کرنے کیلئے عوام دوست رویہ اَپنانے کی افسران کو ہدایت
کٹھوعہ// ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی شالین کابرا نےڈی سی آفس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی اور اُنہوں نے وہاں عوامی اہمیت کے مسائل کو اُجاگر کرنے والی شکایات سنیں۔اِس موقعہ پرچیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل کٹھوعہ کرنل (ریٹائرڈ) مہان سنگھ، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی رگھونندن سنگھ،ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ راکیش منہاس، ایس ایس پی کٹھوعہ شیودیپ سنگھ جموال،صدر میونسپل کونسل کٹھوعہ راجندر سنگھ اور اے ڈی ڈی سی کٹھوعہ انکور مہاجن سمیت مختلف وفود موجود تھے۔عوامی دربار میں سماج کے تمام طبقات کی جانب سے زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا جہاں لوگوں نے شالین کابراکو مقامی لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کرنے کے علاوہ اعلیٰ سطح پر شکایات کے اَزالے میں مداخلت کی درخواست کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی نے جی آئی پائپوں کے بجائے ہائی ڈینسیٹی پولی تھیلین (ایچ ڈی پی ای) پائپوں کے موزویت کے بارے میں کہا کہ ایچ ڈی پی ای پائپوں کا استعمال مرکزی حکومت کی کی ہدایت کے مطابق ہے اور مکمل تحقیق اور تکنیکی تشخیص کے بعد پورے ملک میں اِستعمال کیا جا رہا ہے۔اُنہوںمزید بتایا کہ جل جیون مشن کو ایک شفاف اِی۔ ٹینڈرنگ سسٹم کے ذریعے عملایا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ چونکہ بنیاد ڈھانچہ اگلے 30 برسوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تعمیر کیا جا رہا ہے اور پائپ ڈسٹری بیوشن کا وسیع نیٹ ورک بچھانے سمیت بہت بڑا کام شامل ہے۔اِس لئے پائپ میٹریل کی ضرورت بھی اتنی ہی زیادہ ہے جس کے لئے بروقت دستیابی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ جی ایف آر 2017 اور سامان کی خریداری کے مینوئل 2017میں منصفانہ، جوابدہی اور خریداری کے عمل کی شفافیت پر سمجھوتہ کئے بغیر مشن پر عمل درآمد میں تاخیر سے بچا جاسکے۔شالین کابرا نے گاؤں کی سطح پر پانی سمیتیوں کے اہم کردار پر بھی زور دیا کیوں کہ وہ اس کی دیکھ ریکھ اور معیار کے لئے آبی وسائل کے مالک ہیں۔اِس سے قبل چیئرمین ڈی ڈی سی نے مطالبات کی ایک یاد داشت پیش کی جس میں رورل اِنجینئرنگ وِنگ میں اَفرادی قوت کی ضرورت ، آفات سے پیدا ہونے والے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے کیپکس سے بچ جانے والے فنڈز کے اِستعمال، ضلع میں آڈیٹوریم کمپلیکس کی فراہمی کے لئے فنڈز مختص کرنے ، بی ڈی اوز ، ڈاکٹروں اور اساتذہ وغیرہ خالی اسامیوں کو پُرکرنے سے متعلق دیگر امور شامل ہیں۔ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کے اراکین نے اَپنے اَپنے علاقوں سے متعلق مسائل بھی پیش کئے۔صدر ایم سی کٹھوعہ نے افرادی قوت کی ضرورت، شہر کے سیوریج پلان کے لئے فنڈ مختص، پارکس، جم وغیرہ کی تعمیر کے لئے فنڈز کی فراہمی جیسے مسائل کو اُٹھایا۔شالین کابرا نے صدر اجیت باوا کی قیادت میں صنعت کاروں کی شکایات پر بھی توجہ دی جنہوں نے صنعتی یونٹوں کے قیام کے لئے درکار اجازتوں کو تیزی سے نمٹانے، این او سی، ٹرن اوور کی ترغیبات جلد جاری کرنے ، چھوٹے صنعت کاروں کو زمینوں کی الاٹمنٹ وغیرہ جیسے مسائل پیش کئے۔بیوپار منڈل کی نمائندگی کرنے والے ڈیپوٹیشن نے فیسٹول سیز ن کے دوران بجلی کی بے ترتیب کٹوتی کو روکنے کی درخواست کرنے کے علاوہ مین بازاروں میں پارکنگ کی مناسب جگہوں کے مسائل پیش کئے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے پی او جے کے کے ڈی پیز کو الاٹ کی گئی زمین کی فروخت کے معاملے کا جواب دیتے ہوئے اس معاملے میں جلد حل کی یقین دہانی کی۔پی آر آئی کے ارکان، سول سوسائٹی اور سرکردہ شہریوں نے بھی اپنے مطالبات پیش کئے۔شالین کابرا نے لائن ڈیپارٹمنٹوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرتے ہوئے عوامی اہمیت کے مسائل کو حل کرنے کے لئے عوام دوست رویہ اَپنانے پر زور دیا۔بعدمیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بالخصوص مستحقین میں موٹرسائیکلیں بھی تقسیم کیں جنہوں نے اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔










