کپواڑہ میں جسمانی طور پر نا خیز افراد کا احتجاج

شالٹینگ ناروائو میں پانی کی قلت کو لیکرلوگوں نے کیا زور دار احتجاج

سرینگر / /شمالی کشمیر ضلع بارہمولہ کے شالٹینگ ناروائو میں پانی کی شدید قلت کے باعث لوگ سڑکوں پر آکر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے ۔موصولہ تفصیلات کے مطابق مذکورہ علاقہ کے لوگوں بشمول مردو زن نے بارہمولہ مظفر آباد کے بالکل نزدیک ایک رابط سڑک پر محکمہ پی ایچ ای کے افسران کے خلاف زور دار نعرہ بازی کی ۔پی ایچ ای ہائے ہائے ،پانی فراہم کرو فراہم کرو اور انصاف دو انصاف دو کے نعرے بلند کئے۔بتایا جاتا ہے کہ اس احتجاج کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت بند ہوئی جس سے عام لوگوں کا کی آمد ورفت متاثر ہوئی ۔اس دوران احتجاج میں شامل مظاہرین نے نمائندہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ پانچ برسوں سے وہ پینے کے پانی سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پانی کی مسلسل عدم دستیابی کے باعث وہ ندی نالوں کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہورہے ہیں جس سے وبائی بیماریاں پھوٹ پڑنے کا ہمیشہ خطرہ لاحق رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس علاقہ کے ذمہ دار لوگوں نے بار ہابا ر افسران کی نوٹس میں معاملہ لایا لیکن کسی بھی افسر نے توجہ دینے کی زحمت گوارا نہیں کی انہوں نے کہا کہ لاکھوں روپے کی مالیت واٹر سپلائی پائپیوں پر صرف کی گئی لیکن وہ فضول مشق ہی ثابت ہوئی ۔انہوں نے پی ایچ ای کے مقامی ملازمین پر بھی الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بھی پانی کی فراہمی میں لیت ولعل سے کام لیتے ہیں ۔انہوں نے حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے بتایاکہ پانی فراہمی کو یقینی بنایاجائے بصورت دیگر وہ احتجاج کی راہ پر ہی رہیں گے ۔نمائندہ کے مطابق اس دوران محکمہ کے متعلقہ جونیئر انجینئر اورایس ایچ او شیری کی ہدایت پر پولیس اہلکارجائے وقوع پر پہنچ گئے۔انہوں نے احتجاجی مظاہرین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پانی کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے فوری طور ٹھوس اقدام اٹھائے جائیں گے ۔