سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر کا اِنتظامی معائینہ کیا

سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر کا اِنتظامی معائینہ کیا

طبی سہولیات کا جائز ہ لیا اور مریضوں ، طلباء اور فیکلٹی کے ساتھ بات چیت کی

سری نگر / /سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر کا دورہ کیا اور ہسپتال کے تمام شعبہ جات کے کام کاج کا جائزہ لینے کے علاوہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اُنہوںنے ہسپتال کا وسیع چکرلگایا اور ہر شعبے کا دورہ کیا تاکہ کام کاج کا جائزہ لیاجاسکے ۔ اُنہوں نے کالج میں تقریباً تین گھنٹے مریضوں، تیمارداروں، طلبأ ، فیکلٹی اور دیگر عملے کے ساتھ بات چیت میں گزارے۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر میں دندان سازی شعبے کو بہتر بنانے کے لئے تمام متعلقہ اَفراد سے تجاویز طلب کیں۔اُنہوں نے گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کی صورتحال کا جائزہ لیا جس میں مریضوں کی نگہداشت ، بنیادی ڈھانچے ، سازوسامان اور ہسپتال کی مجموعی آپریشنل کارکردگی پر توجہ مرکوز کی گئی۔سیکرٹری موصوف نے اَپنے انتظامی معائینے کے دوران ہسپتال کی فیکلٹی سے بھی بات چیت کی اور ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنہوں نے ان سے اَنڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سکالروں کو فراہم کئے جانے والے تدریسی پروگراموں اور کلنیکل ایکسپوزر کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ڈاکٹرسیّد عابد رشیدشاہ نے ایچ او ڈیز کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کے وسیع تر مفاد میں میٹریل اور آلات کی محکمانہ ترجیحی فہرست تیار کریں۔ سیکرٹری نے کہا کہ مریضوں کی نگہداشت ہسپتال کی اوّلین ترجیح ہونی چاہئے۔اُنہوں نے متعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لئے دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ اِستعمال کیا جائے۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ طبی سہولیات اعلیٰ ترین معیار پر پورا اُتریں اور ہم مریضوں کو مؤثر صحت خدمات فراہم کرنے کے قابل ہوں۔ اُنہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ ہسپتال میں طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور ہسپتال کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے خود کو پُرعزم کریں۔ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے طلبأ سے بات چیت کے دوران طلبأ اور اساتذہ کے مابین وسیع البنیاد تعامل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کالج کو سرگرمی اور جوش و خروش سے بھرپور ایک متحرک جگہ ہونا چاہئے۔ اُنہوں نے طلبأ سے کہا کہ وہ اَپنے مسائل کو مناسب سطح پر حل کریں اور اَپنی زندگی میں دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیارات کو شامل کریں۔