سیکرٹری صحت نے پرائیویٹ ڈرگ ڈی ایڈکشن بحالی مراکز کے کام کاج کا جائیزہ لیا

جموں//صحت اور طبی تعلیم کے سیکرٹری بھوپندر کمار نے آج جموں و کشمیر میں کام کرنے والے پرائیویٹ ڈرگ ڈی ایڈکشن اور بحالی مراکز کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ان مراکز کے کام کرنے سے متعلق کئی اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں موجودہ پرائیویٹ ڈرگ ڈی ایڈکشن سنٹرز کی تشخیص اور لائسنسگ شامل ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ منشیات کی لعنت سے درپیش سنگین چیلنجوں کے پیش نظر ابھرتے ہوئے مسئلے سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے ’’ نشہ مُکت ابھیان ‘‘ کی تیز مہم شروع کی گئی ہے ۔ خطر ناک حالات سے نمٹنے کیلئے درکار اقدامات میں احتیاطی ، علاج اور بحالی کے پہلو شامل تھے ۔ یو ٹی حکومت نے پہلے ہی منشیات سے نجات کی پالیسی اپنائی ہے جس میں منشیات کے استعمال سے نمٹنے کیلئے مختلف محکموں سے اجتماعی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ حال ہی میں محکمہ صحت اور طبی تعلیم نے منشیات سے چھٹکارا مراکز کے قیام کیلئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار بھی جاری کیا ہے جو ایسے مراکز کے قیام کیلئے یکساں رہنما خطوط فراہم کرتا ہے ۔ ’’ نشہ مکت بھارت ‘‘ کے تحت خاص طور پر نوجوانوں ، بالغوں اور پیشہ ور افراد کے درمیان گہری معلومات ، تعلیم اور مواصلات سے متعلق مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ منشیات کی لت سے نجات اور بحالی کے مختلف پہلوؤں کا جائیزہ لیتے ہوئے سیکرٹری نے فوری اثر سے ضلعی سطح کی منشیات سے نجات کی نگرانی کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت کی ۔ انہوں نے نشہ چھڑانے کے مراکز کی باقاعدہ نگرانی اور انسپکشن کیلئے وقتاً فوقتاً اجلاس منعقد کرنے کو کہا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح کی کمیٹیوں کے نتائج اورسفارشات کو ہمیشہ ڈویژنل سطح کے منشیات کے خاتمے کے مراکز کی نگرانی کمیٹی کے ساتھ شئیر کیا جانا چاہئیے ۔ سیکرٹری نے افسران سے کہا کہ وہ مریضوں کی رجسٹریشن کیلئے ایک آن لائن میکانزم قائم کریں جس کو منفرد شناختی نمبر ( یو آئی ڈی ) ، ’’ آدھار ‘‘ کے ساتھ سرکاری اور پرائیویٹ ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹرز کے ساتھ ساتھ کیمسٹ شاپس کے ساتھ منسلک کیا جائے اور انہیں نگران ایجنسیوں سے مربوط کیا جائے ۔ میٹنگ میں جی ایم سیز کے پرنسپلز ، ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹرز ، محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری ، جوائینٹ ڈائریکٹر پلاننگ کے علاوہ جی ایم سیز کے شعبہ نفسیات کے ایچ او ڈیز اور محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔