2غیرملکی سیاح لقمہ اجل،نعشیں برآمد،19غیرملکی سیاحوں اور2مقامی گائیڈوں کوبچالیاگیا:پولیس
بارہمولہ//شمالی کشمیر میں واقع مشہورسیاحتی مقام گلمرگ کے مضافاتی بالائی علاقہ افروٹ میں ایک بھاری بھرکم برفانی تودے کی زدمیں آکر2غیرملکی سیاح لقمہ اجل بن گئے ،تاہم فوری بچائو کارروائی عمل میں لاکر19غیرملکی سیاحوں اور2مقامی گائیڈوں کوبرآمد کرکے گلمرگ منتقل کیاگیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح 21غیرملکی سیاح 2مقامی گائیڈوںکوساتھ لیکر اسکائینگ کیلئے افروٹ چوٹی کی جانب روانہ ہوئے ،تاہم راستے میں یہ سبھی23افراد ہاپت کھڈ کنگ ڈوری کے مقام پرایک بھاری بھرکم برفانی تودے کی زدمیں آئے ۔حکام نے بتایاکہ اس کی اطلاع ملتے ہی گلمرگ سے پولیس اورریسکیو ٹیمیں جائے واردات کی جانب روانہ ہوگئیں اورانہوںنے برفانی تودے کی زدمیںآنے والے سیاحوں اور مقامی گائیڈوںکی تلا ش شروع کردی ۔حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جس کے دوران2افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔بارہمولہ پولیس نے مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے ایک بیان میں کہاکہ بدھ کی صبح 21 غیر ملکی شہریوں اور 2 مقامی گائیڈ پر مشتمل 3 ٹیمیں اسکینگ کے لئے افروٹ گلمرگ گئی تھیں۔پولیس کے مطابق تقریباً ساڑھے12 بجے ایک زبردست برفانی تودہ ہاپت کھڈ کنگ ڈوری سے ٹکرا گیا جہاں یہ سکینگ ٹیمیں پھنس گئیں۔اطلاع ملنے پر بارہمولہ پولیس نے پولیس اور محکمہ سیاحت کی مشترکہ ریسکیو ٹیموں کو متحرک کیا اور وہ برفانی تودے کی جگہ پر پہنچ گئیں۔پولیس نے بتایاکہ ریسکیو آپریشن کے دوران 19 غیر ملکی شہریوں(سیاحوں) اور2 مقامی گائیڈز کو بچا لیا گیا ہے۔لیکن بدقسمتی سے2 غیر ملکی شہری(سیاح) برفانی تودے کی زد میں آکر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، اور ان کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جنہیں طبی و قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔سینئر پولیس افسران جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔










