پہلگام میں غیر قانونی طریقے سے تعمیر کئے جارہے قریب 15ہوٹلوںکو مسمار کیا گیا ۔پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی
سرینگر//پہلگام میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی جارہی تجاوزات کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، پولیس اور محکمہ مال کی مشترکہ ٹیم نے قریب 15ہوٹلوں کو منہدم کیا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق پہلگام کی خوبصورتی کو بچانے اور غیر قانونی طور پر تعمیر کئے جارہے ڈھانچوں کیخلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے آج قریب 15ہوٹلوں کو مسمار کیا ہے ۔ یہ کارروائی پولس ، محکمہ ریونیو اور پہلگام اتھارٹی نے مشترکہ طور پر انجام دی ہے ۔ وی او آئی نمائندے امان ملک نے بتایا کہ اتھارٹی نے لدرو پہلگام میں جمعہ کے روز کمرشل ڈھانچوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھی ۔انہوںنے بتایا کہ لدرو میں زیر تعمیر 15ہوٹلوں کو انہدائی ٹیم نے مسمار کیا کیوں کہ یہ سبھی ہوٹل غیر قانونی طریقے سے تعمیر کئے جارہے تھے ۔ اس ضمن میں سی ای او پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ پہلگام ایک قدرتی خوبصورتی سے مالامال علاقہ ہے جہاں پر اگر تعمیراتی سرگرمیاں جاری رہیں گی تو اس کی خوبصورتی ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسی کو کوئی بھی تعمیراتی کام انجام دینا ہوگا تو اس کو چاہئے کہ باضابطہ طو رپر محکمہ سے اجازت نامہ حاصل کرکے یہ کام انجام دے بصورت دیگر اس طرح کی کارروئیاں آئندبھی جاری رہیں گی ۔










