طلباء اور نوجوانوں کو جموں وکشمیر کی ترقی کے معمار قرار دیا
کولگام//وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت اور طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ ڈِگری کالج ( جی ڈِی سی ) میں منعقدہ ’’ میگا شائننگ سٹار‘‘ تقریب کے دوران بارہویں جماعت کے اِمتحان میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبأ کی حوصلہ اَفزائی کی۔یہ تقریب ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کے زیر اہتمام، سی ٹی یونیورسٹی لدھیانہ اور جی ڈِی سی کولگام کے اِشتراک سے منعقد کی گئی۔وزیر موصوفہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دِکھانے والے طلبأ کو اُن کی محنت، لگن اور اعلیٰ کارکردگی کے عزم پرمُبارک باد پیش کی۔اُنہوں نے کہا کہ اُن کی کامیابی نہ صرف ذاتی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ اس میں اَساتذہ اور والدین کی مشترکہ کوششیں بھی شامل ہیں جنہوں نے اُن کی تعلیمی سفر میں رہنمائی کی۔اُنہوں نے کہا، ’’طلبأ اور نوجوان جموں و کشمیر کے مستقبل کے حقیقی معمار ہیں۔ آپ کی کامیابیاں اُمید، ترقی اور تعلیم کی تبدیلی لانے والی طاقت کی عکاسی کرتی ہیں۔‘‘
وزیر تعلیم نے تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف جاری اَقدامات کے تحت تعلیمی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا رہا ہے، ڈیجیٹل تعلیم کی سہولیات کو فروغ دیا جا رہا ہے اور شہری و دیہی علاقوں میں طلبأ کے لئے مساوی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے کیوں کہ یہ دیرپا ترقی اور سماجی بااِختیاری کی بنیاد ہے۔اُنہوں نے نوجوان ذہنوں کی تربیت میں اساتذہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ چیلنجوں کے باوجود صلاحیتوں کوپروان چڑھانے میں اُن کی لگن کا اعتراف کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ اَساتذہ ایک باشعور اور ترقی پسند معاشرے کی تعمیر میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔وزیر سکینہ اِیتو نے کہا کہ جموں و کشمیر کے طلبأ اور نوجوان ہر شعبے میںچاہے وہ طبی سائنس ہو، سول سروسز، اِنجینئرنگ یا کوئی اورشعبہ ہو نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔اُنہوں نے طالب علموں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں بلند اہداف مقرر کرنے کی ترغیب دی اور سکالرشپ، ہنر مندی کے پروگراموں اور کیریئر گائیڈنس کے اقدامات کے ذریعے حکومت کی مسلسل سپورٹ کا یقین دِلایا۔وزیر موصوفہ نے طلبأ کو اَپنی پیشہ ورانہ زِندگی میں جدت، تنقیدی سوچ اور سماجی ذِمہ داری کو اَپنانے کی بھی ترغیب دِی۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر نصیر احمد وانی؛ ڈائریکٹر کالجزڈاکٹر شیخ اعجاز بشیر؛ چیف ایجوکیشن آفیسر کولگام ، ضلع اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران، سی ٹی یونیورسٹی لدھیانہ کے نمائندگان، طلبأ، کالج کے فیکلٹی اراکین، اَساتذہ، والدین اور بڑی تعداد میں طلباء موجود تھے۔










