Six weeks MSME sponsored skill development program concluded at Viduracampus, Kashmir

سکاسٹ کشمیر کے وڈوراکیمپس میں چھ ہفتوں کا ایم ایس ایم اِی سپانسرڈ سکل ڈیولپمنٹ پروگرا م اِختتام پذیر

تربیت کا مقصداُبھرتے ہوئے کاروباریوں میں تکنیکی اور اِنتظامی سکلز پیدا کرنا ہے تاکہ ان کے سٹارٹ اَپ آئیڈ یاز کو تیار کیا جاسکے

سری نگر// شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ( سکاسٹ کشمیر) وڈوراکیمپس میں آج ’’کمرشل ویجیٹل پروڈکشن اینڈ مارکیٹنگ‘‘ پر چھ ہفتے کا اَنٹرپرینیور شپ اینڈ سکل ڈیولپمنٹ پروگرام اِختتام پذیر ہوا۔یہ تربیتی پروگرام باغبانی کے ڈویژن فیکلٹی آف ایگری کلچر وڈورا نے وزارتِ مائیکرو ، میڈیم اینڈ سمال اَنٹر پرائزز ( ایم ایس ایم اِی ) کی سپانسر شپ کے تحت اَپنی اِی۔ ایس ڈی پی سکیم سے 18 ؍ نومبر سے 28؍ دسمبر 2022ء تک منعقد کیا تھاجس کا مقصد اُبھرتے ہوئے کاروباریوں میں تکنیکی اور اِنتظامی سکلز پیدا کرنا ہے تاکہ ان کے سٹارٹ اَپ آئیڈ یاز کو تیار کیا جاسکے ۔ یہ تربیت معاشرے کے کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے 25 تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو زراعت کی فیکلٹی کے وڈورا کیمپس میں چھ ہفتو ں کے لئے دی گئی۔یہ تربیت سکاسٹ کشمیر کے مختلف ڈویژنوں اور دیگر فیکلٹی کے سائنسدانوں کے ماہرانہ لیکچروں پر مبنی تھی۔ شرکأ نے تربیت کے دوران تجارتی سبزیوں کی کاشت اور پیداوار کے تمام اہم پہلوئوں کا احاطہ کرتے ہوئے مارکیٹنگ کے حوالے سے جامع معلومات حاصل کیں۔تربیتی پروگرام میں ایکسپوزر وِزٹ ، عملی مظاہرے اور ہینڈ آن ٹریننگ بھی کی گئی۔اِس موقعہ پر ڈین فیکلٹی آف ایگری کلچر وڈورا پروفیسر ریحانہ حبیب کنٹ خصوصی مہمان تھیںاور ان کے ہمراہ ہیڈ ڈویژن آف ہارٹی کلچر پروفیسر خالد رسول ڈار، مختلف شعبوں کے سربراہان ، سکاسٹ کیمپس کے فیکلٹی ممبران اور اَفسران بھی موجود تھے۔ پروفیسر ریحانہ حبیب کنٹ نے اِختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکأ اور کورس کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر شہناز مفتی اور ہیڈ ہارٹی کلچر ڈویژن پروفیسر خالد رسول ڈار کو تربیتی پروگرام کی کامیاب تکمیل پر مبارک باد دی۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ہنرمندی کی نشو ونما سے متعلق تربیتی پروگرام اِس شعبے میں ان کی کاروباری صلاحیتوں کو نکھارنے میں ایک طویل سفر طے کرے گا۔ اُنہیں شرکأ نے چھ ہفتے طویل تربیتی پروگرام کے دوران اَپنے سیکھنے کے تجربات سے آگاہ کیا۔ہیڈ ڈویژن آف ہارٹی کلچر پروفیسر خالد رسول ڈار نے بھی سبزیوں کی صنعت پر مبنی پیدا وار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اِس سے قبل پروگرام کوآرڈی نیٹر اور ایسو سی ایٹ پروفیسر ویجی ٹیبل سائنسز ڈاکٹر شہناز مفتی نے سکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ پروگرام کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے تربیتی پروگرام کے تحت کی جانے والی سرگرمیوں کی جامع تفصیلات پیش کیں۔ اِس موقعہ پر پروفیسر اور تربیتی پروگرام کی کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر فہیمہ مشتاق نے بھی اَپنے خیالات کا اِظہار کیا اور شرکت کرنے والے تاجروں کے تعاون کا شکریہ اَدا کیا۔