راجوری / /سویپ ( ایس وِ ی اِی اِی پی ) ٹیم راجوری نے نوڈل آفیسر پروفیسر محمد اقبال رینہ کی سربراہی میںگورنمنٹ پی جی کالج راجوری کے این سی سی کیڈٹوں کے ساتھ اِستفساری سیشن کا اِنعقاد کیا۔ یہ پروگرام ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر اوم پرکاش بھگت کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔ٹیم نے این سی سی کیڈٹوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ووٹنگ کی اہمیت اور عوام میں بیداری پیدا کرنے اور اِنتخابی عمل کے دوران عمر رسیدہ اور جسمانی طور پر خاص اَفراد کی مدد کرنے میں ان کے کردار پر زور دیا۔نوڈل آفیسرپروفیسر محمد اقبال رینہ نے اِنتخابات میں فعال حصہ لینے بالخصوص نوجوانوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کیڈٹوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ ووٹنگ کا پیغام پھیلائیں اور اپنے ساتھیوں کو رجسٹریشن اور ووٹ ڈالنے کی ترغیب دیں۔اِس موقعہ پراین سی سی کیڈٹس پرجوش تھے اور اُنہوں نے انتخابی سفیرکے طور پر اَپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے ووٹروں کی تعداد بڑھانے اور معاشرے میں جمہوری جذبے کو فروغ دینے کے لئے کام کرنے کا عہد کیا۔اے این او میجر تنویر احمد چودھری نے این سی سی کیڈٹوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اُنہیں ان کی کوششوں میں ہرممکن تعاون کا یقین دِلایا۔ اُنہوں نے اِس اعتماد کا اِظہار کیا کہ کیڈٹس اِنتخابی خواندگی کو فروغ دینے اور راجوری میں پُر اَمن اور منصفانہ اِنتخابی عمل کو یقینی بنانے میں اہم کردار اَدا کریں گے۔اس موقعہ پر ٹیم ممبران ڈاکٹر خالد ریاض اور پروفیسر اعجاز نذیر بھی موجود تھے۔










