سنتورہوٹل کے145ملازمین کی3کارپوریشنوں میں تعیناتی

ملازمین کی انجمن حکومت کی شکرگزار،کہاجموں وکشمیر حکومت کااقدام خوش آئند،مرکزی سرکار کابھی شکریہ

سری نگر//حکومت کی جانب سے سنتور ہوٹل کے ملازمین کو جموںکشمیر کی ملازمت میں ضم کرنے کے اقدام کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے سنتور ہوٹل ایمپلائز ایسو سی ایشن نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا،چیف سیکرٹری ڈاکٹرارون کمار اور محکمہ سیاحت کے سیکریٹری عابد رشید شاہ کے غیر معمولی کردار کو قابل سراہنا قرار دیا۔جے کے این ایس کے مطابق سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر غلام حیدر ڈار نے ترجمان فاروق احمد کے ساتھ مشترکہ طور پر کہا کہ4ماہ کی طویل عرق ریزی کے بعد انکی مشقت رنگ لائی اور سرکار نے غیر معمولی فیصلہ لیتے ہوئے سنتور ہوٹل کے145ملازمین کو جموں کشمیر کے محکموں میں ضم کرنے کا فیصلہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں انکے کنبوں مین ماتم کا سماں تھا کیونکہ عمر بھر سنتور ہوٹل میں مختلف اسامیوں پر کام کرنے کے بعد بیک جنبش قلم انہیں سڑک پر پھینک دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور محکمہ ٹوارزم کے سیکریٹری ڈاکٹر عابد شاہ نے ذاتی طور پر اس معاملے میں نہ صرف مداخلت کی اور کم از کم وقت میں ملازمین کو انصاف فراہم کیا،جس کیلئے وہ سرکار کے شکر گزار ہے۔ غلام حیدر ڈار اور فاروق احمد نے جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری ارن کمار مہتا،مرکزی وزیربرائے شہری ہواابازی اور مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کے سیکریٹری راجیو بنسل کے علاوہ سیکریٹری داخلہ اجے کمار بھلہ کا بھی شکریہ کیا جنہوں نے ذاتی دلچسپی لیکر145کنبوں کو فاقہ کش ہونے سے بچایا۔