Girls protest against alledged abaya ban

سری نگر کے اسکول میں عبایا پہنے طالبات کو داخل ہونے کی اجازت نہیں

عبایا پہننے کی عادی طالبات کااسکول انتظامیہ کیخلاف احتجاج، رنگ برنگی عبایا نامنظور، طالبات کیلئے ’عبایا‘ کاایک رنگ ہوگا:اسکول پرنسپل

سری نگر//شہرسری نگر کے رعناواری علاقے میں وشو بھارتی ہائیر سیکنڈری اسکول کی متعدد طالبات نے جمعرات کو اسکول انتظامیہ کیخلاف مبینہ طور پر ’’عبایا‘‘پہن کراسکول احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کے خلاف احتجاج کیا۔جے کے این ایس کے مطابق احتجاج کرنے والی طالبات میں سے ایک نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اُنہیں اسکول پرنسپل کے حکم کے بعد’عبایا‘(لڑکیوں وخواتین کی جانب سے پردہ کرنے والامخصوص لباس)پہن کر اسکول کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اسکول پرنسپل نے ہمیں خود کہا کہ ہم ’عبایا‘پہن کر اسکول کے احاطے میں داخل نہ ہوں۔طالبہ کاکہناتھاکہ اب اسکول پرنسپل اپنا بیان بدل رہی ہیں۔احتجاجی طالبات نے الزام لگایا کہ اسکول انتظامیہ نے لڑکیوں کا ادارہ ہونے کے باوجود اسکول میں مخلوط تعلیم شروع کردی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری رائے جانے بناء یہاں طلباء کو بھی داخلہ دیاگیاجبکہ پہلے یہاں صرف طالبات کو ہی داخل دیاجاتاتھا۔انہوںنے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ حکام ہمارے لئے ڈریس کوڈ طے کریں۔طالبہ نے واضح کیاکہ ہم عبایا پہنے بغیر اسکول نہیں آئیں گی ۔انہوںنے کہاکہ اس اسکول میں زیر تعلیم عبایا پہننے والی لڑکیوں نے ہی دسویں جماعت میں اچھے نمبرات لیکر اسکول کا نام روشن کیا ،اور پھراسکول منتظمین نے ہم سے کہاکہ ہم بارہویں جماعت کا داخلہ اسی اسکول میں لیں ۔مذکورہ طالبہ نے کہاکہ اسکول انتظامیہ کسی بھی رنگ کے عبایا کاانتخاب کریں ،ہم اُسی رنگ کاعبایا پہن کر اسکول آئیں گی۔دریں اثناء وشو بھارتی ہائیر سیکنڈری اسکول کی پرنسپل نے کہا کہ اگرچہ اسکول کا اپنا ڈریس کوڈ ہے اور کچھ لڑکیاں ’عبایا‘ بھی پہنتی ہیں لیکن انہیں کبھی نہیں روکا گیا۔اسکول پرنسپل کاکہناتھاکہ کل، میں نے اساتذہ کو مطلع کیا کہ وہ ان طالبات سے کہیں کہ وہ اسکول کے احاطے میں عبایا نہ پہنیں لیکن وہ عبایا میں اس وقت تک آ سکتی ہیں جب تک کہ وہ ا سکول کے احاطے میں نہ پہنچ جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی اعلیٰ اتھارٹی ملوث نہیں ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ ایک مناسب ڈریس کوڈ جس کی ہر جگہ پیروی کی جارہی ہے یہاں بھی اس کی پیروی کی جائے گی۔ وشو بھارتی ہائیر سیکنڈری اسکول رعناواری کی پرنسپل نے مزیدکہاکہ ہم ان تمام طالبات کیلئے ’عبایا‘ کے ایک مناسب رنگ اور پیٹرن کا اعلان کریں گے جو طالبات اسے پہن کر اسکول آنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم ادارے میں رنگ برنگی عبایاپہن کر آنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔