فاروق عبداللہ اوردیگر ملزمان کے نام نوٹس جاری
سری نگر//سری نگر کی ایک عدالت نے ہفتہ کو نیشنل کانفرنس کے صدراور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگرملزمان کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے دائر کرکٹ گھوٹالے کے ایک معاملے میں طلب کیا۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن منی لانڈرنگ کیس میں عبداللہ اور دیگر کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے دائر کی گئی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، سری نگر نے27 اگست کیلئے ایک سمن جاری کیا۔جس کے ذریعے ڈاکٹر فاروق اوراس مبینہ گھوٹالے میں شامل دیگرملزمان کوعدالت میں طلب کیاگیاہے ۔سمن جاری کرنے سے پہلے، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، سری نگر نے ای ڈی کی نمائندگی کرنے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل طاہر مجید شمسی کو سنا، اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے پیش کردہ ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔یاددہے ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹنے 31 مئی کو اس کیس کے سلسلے میں 3 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی تھی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے الزام لگایا ہے کہ جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے پاس باقاعدہ کھاتہ ہونے کے باوجود 6 نئے کھاتے کھولے گئے تاکہ فنڈز کو روکا جا سکے اور آخر کار انہیں ہڑپ کر دیا جائے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے الزام لگایا کہ یہ فاروق عبداللہ کی ہدایت پر کیا گیا تھا، جو اس وقت جے کے سی اے کے صدر تھے اور چوری شدہ فنڈز کا فائدہ اٹھانے والے بھی تھے۔










