سری نگر میں پٹیشنز کمیٹی میٹنگ منعقد

سری نگر میں پٹیشنز کمیٹی میٹنگ منعقد

سری نگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پٹیشنز کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقد ہوئی جس میں محکمہ ہاؤسنگ سے متعلق ایک پیٹشن پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے کی اور اِس میں اراکین مشتاق گرو، سلمان ساگر، میاں مہر علی، وجے کمار اور ٹھاکر رندھیر سنگھ نے شرکت کی۔منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ شہباز احمد میرزا نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں سابق رُکن اسمبلی غلام قادر وانی کی طرف سے دائر کردہ پیٹشن پر تفصیلی بحث و تمحیص کی گئی جس میں جموں کے چھنی راما علاقے میں واقع 12 مرلہ اراضی کو محکمہ ہاؤسنگ سے واپس حاصل کرنے کا معاملہ اُٹھایا گیا تھا۔اراکین نے پیٹشن میں اُٹھائے گئے معاملات کے حل کے لئے عملی اور وقت مقررہ کے اندر حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کمیٹی نے عوامی شکایات ازالے کے لئے ایک منظم اور مؤثر طریقہ کار اَپنانے کے عزم کا اظہار کیا۔چیئرمین نے کہا کہ کمیٹی کی ذِمہ داری ہے کہ اسے بھیجی جانے والی ہرپیٹشن کا باریک بینی سے جائزہ لے اور بروقت ازالہ اور حقیقی مسائل کے حل کو یقینی بنائے۔ اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کمیٹی مخصوص شکایات پر ایوان کو رِپورٹ کرے گی اور ضرورت کے مطابق مناسب تدارک کے اقدامات کی سفارش کرے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمیٹی کی مؤثر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے تمام اراکین اور متعلقہ اَفسران کی فعال شرکت اور تعاون بے حد ضروری ہے۔میٹنگ میں کمیٹی اراکین بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مختلف امور پر قیمتی تجاویز اور رائے پیش کی اور عوامی مسائل کو شفاف اور مؤثر طریقے سے حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔