سری نگر میں نشہ مخالف مہم کے تحت میگا ریلی

تقریبا30 ہزار افراد کی شرکت حوصلہ افزاء/ ایس ایس پی سرینگر

سرینگر//یو این ایس / / سری نگر میں لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں جاری ’’ مکت ابھیان‘‘کے تحت ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سری نگر، ڈاکٹر سندیپ چکروارتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے حصہ لیا، جو کہ تقریباً 30 ہزار افراد پر مشتمل تھی۔انہوں نے کہا کہ اس ریلی میں نوجوانوں، طلبہ، اساتذہ، سماجی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی نمایاں شرکت دیکھنے کو ملی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیر کا معاشرہ منشیات کے خلاف متحد ہو رہا ہے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ اس طرح کی عوامی بیداری مہمات وقت کی اہم ضرورت ہیں اور ان کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ڈاکٹر سندیپ چکروارتی نے مزید کہا کہ پولیس اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مہم صرف پولیس یا انتظامیہ تک محدود نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ہر صورت میں سماج کے تمام طبقات کو اس مہم میں شامل کرنا ہوگا کیونکہ منشیات کا مسئلہ صرف ایک ادارے کا نہیں بلکہ یہ ہمارے پورے معاشرے کو متاثر کر رہا ہے۔ اگر ہم سب مل کر کام کریں گے تو ہی اس ناسور کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ایس ایس پی سری نگر نے عوام، خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں جیسے تعلیم، کھیل اور ہنر مندی میں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ والدین، اساتذہ اور سماجی رہنما بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور نوجوانوں کو صحیح راستہ دکھا سکتے ہیں۔انہوں نے آج کی ریلی میں عوام کی بڑی شرکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حوصلہ افزا قدم ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ اس مسئلے کی سنگینی کو سمجھ رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ نشہ مکت ابھیان کو مسلسل جاری رکھا جائے گا اور پولیس اس مہم کی کامیابی کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرہ قائم کیا جا سکے۔