طبی وقانونی کاروائی کے بعد لاش لواحقین کے سپرد،کیس درج ،تحقیقات شروع
سرینگر//سوپور کے ہرون زینہ گیر علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی لاش جو 26 اپریل 2024کومائسمہ سے لاپتہ ہوئی تھی کو اتوار صبح سرینگر کے ویر چھتہ بل علاقے کے قریب دریائے جہلم سے برآمد ہوئی۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ تفصیلات کے مطابق 26 اپریل کو لاپتہ ہوئے شخص کی لاش کودریائے جہلم سے ویر چھتہ بل میں 9روز کے بعد برآمد کیا گیا ،مذکورہ شخص کی شناخت سوپور کے ارشاد احمد پیر کے طور پر کی گئی ہے۔ مذکورہ شخص سرینگر کے علاقے مائسمہ سے لاپتہ تھا اور آج جہلم سے لاش برآمد ہونے کے بعد اس کے اہل خانہ نے اس کی شناخت کی۔ مذکورہ لاش کو تمام طبی وقانونی کاروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ۔بتایاجاتا ہے جونہی لاش جو چار بیٹیوں کا باپ تھا کو ان کے آؓبائی گھر واقع ہرون زینہ گیر پہنچایا گیا تو وہاں قیامت صغریٰ بپا ہوا ۔تجہیز وتکفین کے بعد ان کو اپنے آبائی مقبرہ میں پُر نم واشکبار آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ لاش سرینگر کے ایک شخص کی ہے، جو گزشتہ ماہ سرینگر کے علاقے گنڈابل کے قریب دریائے جہلم میں کشتی الٹنے سے ڈوب گیا تھا۔تاہم شناخت کے بعد معلوم ہوا کہ برآمد کی گئی لاش ارشاد احمد پیر ولدمرحوم شریف الدین پیر ساکنہ ہرون زینہ گیر سوپور کی ہے










